ریاض سمیت مکہ ریجن میں بارش کا امکان
بعض علاقوں میں تیزہوا کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے(فوٹو، ایس پی اے)
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں سنیچر کو بارش کا قوی امکان ہے۔ ریاض ریجن کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
قومی مرکز کی جانب سے ریاض ریجن کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بارش کا امکان ہے۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی جس کی وجہ سے شاہراہ پر حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
ریاض ریجن کے علاقے الدرعیہ ، المزاحمیہ ، حریملا ، رماح اور ضرما کے علاقوں کے علاوہ ریاض شہر میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔
قومی مرکز کی جانب سے ایکس اکاونٹ پر جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قصیم ، حائل ، شمالی حدود اور مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں بھی آئندہ چند ساعتوں میں بارش کا امکان ہے۔
الباحہ ریجن میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ الباحہ شہر کے علاوہ بلجرشی ، المندق ، بنی حسن اور القری کے علاقے بھی موسلا دھار بارش کی لپیٹ میں رہیں گے۔
المخوہ ، قلوہ ، الحجرہ اور فرغہ غامد میں بھی موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے ۔
متوقع بارش کے حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے بھی لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں سفر کرنے سے گریز کریں خاص کر نشیبی مقامات جو سیلابی ریلے کی گزر گاہیں ہیں وہاں قیام کرنے سے گریز کریں۔