مہمانوں کا کہنا ہے کہ وہ سعوی حکومت کے انتہائی شکر گزار ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین کی ان کے ملکوں کو واپسی شروع ہو گئی ہے۔ مہمان عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے واپس جا رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ضیافت میں 15 ممالک سے 250 افراد کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے ارض مقدس آنے کی دعوت دی گئی تھی۔
مہمانوں کا تعلق یورپ، جنوبی امریکہ، بوسنیا، جاپان، کوسوو، مقدونیہ، کروشیا، سلووینیا، بلغاریہ، رومانیہ، پولینڈ، برطانیہ، برازیل اور ارجنٹائن سے ہے۔
شاہی ضیافت میں آنے والے مہمان مدینہ منورہ آئے جہاں انہوں نے مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے بعدازاں انہیں مسجد قبا، مسجد قبلتین، شہدا احد اور دیگر مقامات کی زیارت بھی کرائی گئی۔
مدینہ منورہ میں چند روز قیام کرنے کے بعد شاہی مہمانوں کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ لایا گیا جہاں انہیں معروف تاریخی مقامات پر بھی لے جایا گیا۔
شاہی مہمانوں کا کہنا تھا کہ انہیں سعودی حکومت کی جانب سے مثالی ضیافت کا شرف حاصل ہوا جو سہولتیں یہاں مہیا کی گئیں وہ بہت عمدہ تھیں جن کی وجہ سے عمرہ کے تمام مناسک انتہائی آرام و خوش اسلوبی سے ادا کیے۔