’کعبہ کو ٹی وی پر دیکھا کرتا تھا ‘، شاہی مہمان کے تاثرات
’کعبہ کو ٹی وی پر دیکھا کرتا تھا ‘، شاہی مہمان کے تاثرات
ہفتہ 10 فروری 2024 19:41
مہمان کا کہنا تھا کہ ’یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ حقیقت میں کعبہ کے سامنے کھڑا ہوں‘(فوٹو، ایس پی اے)
شاہی ضیافت میں آسٹریا سے آنے والے ایک عمرہ زائر ’نجاتی بیرامی‘ کا کہنا ہے کہ ’ٹی وی پر کعبہ شریف کو دیکھا کرتا تھا اب جب بیت اللہ میں کعبہ کے سامنے کھڑا ہوں تو خود پر یقین نہیں آرہا‘۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی میزبانی میں 15 ممالک سے 250 کے قریب اہم شخصیات عمرہ کی ادائیگی کے لیے ارض مقدس آئی ہوئی ہیں۔
شاہی مہمانوں کی آمد مدینہ منورہ میں ہوئی جہاں انہوں نے مسجد نبوی الشریف میں روضہ رسول ﷺ پر سلام عرض کرنے کے بعد ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے بعدازاں مدینہ منورہ میں مختلف اسلامی تاریخی مقامات کی زیارت بھی کی۔
شاہی مہمانوں کو انتہائی احترام کے ساتھ مکہ مکرمہ لایا گیا جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا۔ اس دوران آسٹریا سے آنے والے ایک مہمان نے کعبہ شریف کے سامنے ٹہر کر گلوگیر آواز میں کہا ’اپنے ملک میں اکثر وبیشتر ٹی وی اسکرین یا اسمارٹ فون پرکعبہ شریف کے لائیو مناظر دیکھا کرتا تھا مگر اب جب میں رب کریم کے گھر کے سامنے کھڑا ہوں تو مجھے یقین نہیں آرہا ، ایسا لگ رہا ہے کہ کہیں خواب تو نہیں دیکھ رہا‘۔
شاہی مہمان بیرامی نے مزید کہا کہ ’ اس وقت میری عمر 75 برس ہو چکی ہے مگر یہاں آکر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میں دوبارہ پیدا ہوا گیا ہوں ، مکہ مکرمہ اور مدینہ طیبہ میرے دل و دماغ میں بس چکا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مجھےشاہی مہمان کے طورپر دعوت نامہ موصول ہوا تو خوشی سے میرا ٹھکانہ نہ رہا، خوشی کیوں نہ ہو برسوں کی آرزو اس طرح پوری ہوئی تو خوشی تو بنتی ہی ہے۔‘
عمرہ زائرالبیرامی نے بتایا کہ انکے اہل خانہ ارض مقدس آچکے ہیں جبکہ انہیں اب یہ موقع نصیب ہوا۔ خادم حرمین شریفین کی جانب سے دعوت پر آنا میرے لیے باعث فخر بھی ہے کہ انکی وجہ سے آج میں ان مناظر کو براہ راست دیکھ رہا ہوں جنہیں برسوں صرف ٹی وی اسکرین پر ہی دیکھا کرتا تھا۔