شاہی مہمانوں کی مسجد الحرام کے امام و خطیب سے ملاقات
’یورپ اور جنوبی امریکہ کے 15 ممالک سے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں‘ ( فوٹو: واس)
مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی سے شاہی مہمانوں نے ملاقات کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین پروگرام کے دوسرے مرحلےمیں یورپ اور جنوبی امریکہ کے 15 ممالک سے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں۔
شاہی مہمانوں کو سب سے پہلے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کروائی گئی اور اس کے بعد مکہ مکرمہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے لایا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں دین کی بنیاد اور صحیح عقیدے کے متعلق آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دعوت کا بنیادی مرکز آسمانی وحی ہے اور یہ ہمیشہ کے لیے ہے چاہے کچھ بھی ہوجائے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اسلام کی دعوت کی بنیاد قرآن ہے اور یہ واحد آسمانی کتاب ہے جو تحریف سے پاک ہے‘۔
’اسلام کی دعوت دینے والے اور ذاتی مفادات کی دعوت دینے والوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ اسلام کی دعوت دینے والے انبیا کو اسوہ حسنہ بناتے ہیں‘۔