Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ میچ میں عجیب واقعہ، ایک ہی گیند پر نو بال، ہٹ وکٹ اور چھکا

آسٹریلیا نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 110 رنز سے شکست دے دی (فوٹو: گیٹی امیجز/کرکٹ آسٹریلیا)
کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جہاں کسی بھی ایک گیند پر کچھ بھی ہو سکتا ہے تاہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیموں کے ون ڈے میچ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک ہی گیند پر نو بال، ہٹ وکٹ اور چھکا لگ گیا۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان نارتھ سڈنی میں سنیچر کو کھیلے گئے تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقی بولر مساباتا کلاس نے 48ویں اوور کی پانچویں گیند کروائی جو کہ ویسٹ ہائیٹ سے اوپر ہونے کے باعث نو بال قرار پائی۔
اس گیند پر آسٹریلوی بیٹر الانا کنگ نے چھکا لگا دیا تاہم شاٹ کھیلنے کے دوران اُن کا بیٹ وکٹوں کو جا لگا تاہم نو بال کی وجہ سے وہ آؤٹ نہ ہوئیں۔
اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’الانا کنگ ایک ہی گیند پر چھکا لگانے میں کامیاب ہوگئیں اور انہوں نے بیٹ وکٹوں پر بھی دے مارا۔ یہاں سب کچھ ہو رہا ہے۔‘
 
ایک ہی گیند پر تین طرح کی سرگرمیاں دیکھنے کے بعد ڈگ آؤٹ میں بیٹھی آسٹریلوی کھلاڑی بھی حیران ہوگئیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 110 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹیسٹ 15 فروری سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: