Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: سپر باؤل لیگ کی جیت کے جشن کے دوران فائرنگ، ایک شخص ہلاک، 15 زخمی

کنساس سٹی پولیس کی سربراہ نے کہا کہ ’دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی فٹبال ٹیم کنساس سٹی چیفس کی جانب سے سپر باؤل فٹبال لیگ کی جیت کا جشن منانے کے لیے منعقدہ ریلی کے اختتام پر ہونے والی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک جبکہ 15 تک زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعرات کو ریلی کے اختتام کے وقت ہونے والی فائرنگ سے خوفزدہ شائقین خود کو بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے۔
کنساس سٹی پولیس کی سربراہ سٹیسی گریوز نے ایک نیوز کانفرنس میں فائرنگ کے واقعات کی تفصیل بتائی اور کہا کہ ’دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سنا ہے کہ شائقین نے ایک مشتبہ شخص کو پکڑا ہے لیکن ہم اس کی تصدیق نہیں کر سکے۔‘
کنساس سٹی پولیس کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ’آج جو کچھ ہوا میں اس پر دل گرفتہ ہوں۔ اس جشن میں آنے والے لوگوں کو ایک محفوظ ماحول کی ملنا چاہیے تھا۔‘
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے چونکا دینے والی ویڈیوز پوسٹ کیں۔ ایک صارف کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص بظاہر شوٹنگ کا شکار ہونے والے دوسرے شخص کا سانس بحال کرنے کے لیے اس کے سینے پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ قریب ہی زمین پر پڑا ہوا ایک شخص درد سے کراہ رہا ہےاور پس منظر میں لوگ چیخ رہے تھے۔

کینساس سٹی چیفس سان فرانسسکو فورٹی نائنرز کو شکست دینے کے بعد اپنے تیسرے سپر باؤل ٹائٹل کا جشن منا رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دو تماشائیوں نے کسی کا پیچھا کیا اور اسے پکڑ لیا۔ انہوں نے اس شخص کو اس وقت تک پکڑے رکھا جب تک کہ دو پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے۔
واقعے کے بعد مقامی پولیس نےایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’جو بھی اس جگہ کے قریب ہے، وہ چلا جائے تاکہ فائرنگ کے متاثرین کے علاج میں آسانی ہو۔‘
کنساس سٹی چیفس کی ٹیم اور شائقین لاس ویگاس میں سان فرانسسکو فورٹی نائنرز کو شکست دینے کے بعد پانچ سیزنز میں اپنے تیسرے سپر باؤل ٹائٹل کا جشن منا رہے تھے۔

شیئر: