Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرفراز خان کے لیے برا لگ رہا ہے، رن آؤٹ میری غلطی تھی‘ رویندرا جڈیجہ

سرفراز خان نے اپنے ڈیبیو پر 66 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر انڈیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان کے 326 رنز بنا لیے تھے۔
جمعرات سے راجکوٹ میں کھیلے جا رہے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد میزبان ٹیم نے کپتان روہت شرما کے 131، رویندرا جڈیجہ کے 110 اور سرفراز خان کے 62 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے مارک وُڈ نے تین جبکہ ٹام ہارٹلی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں انڈیا کی جانب سے دو نئے چہروں کو ڈیبیو کروایا گیا جس میں ممبئی سے تعلق رکھنے والے 26 برس کے سرفراز خان اور آگرہ سے تعلق رکھنے والے 23 برس کے وکٹ کیپر بیٹر دھرُوو جوریل شامل ہیں۔
راجکوٹ ٹیسٹ کے پہلے دن جہاں سرفراز خان اپنے ڈیبیو کی وجہ سے سوشل میڈیا کی زینت بنے رہے وہیں اُن کے رن آؤٹ نے بھی انہیں اور رویندرا جڈیجہ کو ٹرینڈ کروا دیا۔
سرفراز خان نے اپنے ڈیبیو پر 66 گیندوں پر 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے تاہم وہ 82ویں اوور کی چوتھی گیند پر رویندرا جڈیجہ کی غلط کال (رن آؤٹ کال) کے باعث نان سٹرائیکر اینڈ پر مارک وُڈ کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔
اُن کے رن آؤٹ ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس سمیت فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رویندرا جڈیجہ پر کرکٹ شائقین نے ٹرولنگ اور تنقید کے تیر برسانے شروع کر دیے یہاں تک کے آل راؤںڈر کو خود انسٹاگرام پر سٹوری لگانا پڑ گئی۔
رویندرا جڈیجہ نے انسٹاگرام سٹوری میں اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’سرفراز خان کے لیے برا لگ رہا ہے، وہ میری غلط کال تھی۔ وہ بہت اچھا کھیلے۔‘
 

فوٹو: سکرین شاٹ

دوسری جانب ایکس (ٹوئٹر) پر بھی کرکٹ صارفین کے تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
جونز اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’رویندرا جڈیجہ اپنی سینچری کے بعد کچھ زیادہ جشن نہیں منا سکے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ سرفراز کو رن آؤٹ کروانا اُن کی غلطی تھی۔‘
 
وِل میکفیرسن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’جڈیجہ اس سیریز میں تیسرا رن آؤٹ کروانے میں ملوث ہیں۔‘
 
وشال نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر سر جڈیجہ پچ پر ہیں تو ایک رن آؤٹ لازمی ہوگا۔ سرفراز خان کے لیے دکھ ہو رہا ہے۔‘
 

 

شیئر: