سچن تندولکر کا بیٹا کتنا نصیب والا، سرفراز خان نے بچپن میں ایسا کیوں کہا؟
1997 میں انڈیا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے سرفراز خان بچپن سے ہی کرکٹ کے جنون میں مبتلا تھے۔ (فوٹو: ٹائمز ناؤ)
انڈین کرکٹر سرفراز خان رواں سال کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
اسی سلسلے میں ہندوستان ٹائمز نے ان کے والد نوشاد خان کے پرانے انٹرویو کا حصہ شائع کیا جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کے بچپن کی باتیں شیئر کیں۔
نوشاد خان نے اپنی بیٹے کی جذباتی گفتگو کو بیان کیا جس میں وہ اپنی زندگی کا موازنہ انڈیا کے سابق عظیم بیٹر سچن تندولکر کے بیٹے ارجن تندولکر سے کرتے ہیں جن کے ساتھ سرفراز خان کیریئر کے آغاز میں کھیلا کرتے تھے۔
نوشاد خان نے بتایا کہ ایک مرتبہ سرفراز نے ان سے کہا کہ ’ابو ارجن کتنا نصیب والا ہے نا؟ وہ سچن صاحب کا بیٹا ہے، اس کے پاس کاریں ہیں، آئی پیڈز ہیں اور سب کچھ ہے۔‘
تاہم سرفراز بھاگتے ہوئے ان کے پاس واپس آئے اور کہنے لگے کہ ’میں اُس سے زیادہ خوش قسمت ہوں۔ آپ میرے ساتھ پورا دن گزار سکتے ہیں لیکن ان کے والد شاید اسے اتنا وقت نہ دے سکتے ہوں۔‘
سنہ 1997 میں انڈیا کے شہر ممبئی میں پیدا ہونے والے سرفراز خان بچپن سے ہی کرکٹ کے جنون میں مبتلا تھے۔
انہوں نے اپنا بچپن شہر کے مشہور آزاد میدان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے گزارا۔ سرفراز خان کے والد نوشاد خان بھی کرکٹ کوچ تھے جس کی وجہ سے سرفراز کو بچپن میں ہی صحیح سمت مل گئی تھی۔
دوسری جانب رانجی ٹرافی میں رواں سیزن میں ممبئی کی جانب سے سرفراز خان نے اب تک چھ میچز میں ہی تین سنچریاں بناتے ہوئے 111 کی اوسط سے 556 رنز بنائے ہیں۔
رانجی ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کے باوجود فروری میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے دو میچز کے لیے انڈین سکواڈ میں سرفراز خان کو شامل نہیں کیا گیا۔