Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں: انیق احمد

تفصیلات کے مطابق دونوں نے حج 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے حج انتظامات کے سلسلے میں سعودی سفارتخانے میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں نے حج 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی سفیر کے بہترین تعاون کی بدولت پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کو مثالی بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
’حج انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن سعودی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کی ہدایات کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے حج کرنے کے خواہشمند عازمین کو مزید آسانی فراہم کی گئی ہے۔ حج کمپنیوں پر مشتمل 146 منظم کمپنیاں تشکیل دی جا چکی ہیں اور ان کے کوائف وزارت مذہبی امور پر آویزاں کیے جا چکے ہیں، اور عازمینِ حج کی بکنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔‘
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے پرائیویٹ حج کمپنیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ سے ’روڈ ٹو مکہ ‘ پراجیکٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے سینیئر سعودی حکام فروری کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سرکاری عازمین کے ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کو بھی ’روڈ ٹو مکہ‘ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔

شیئر: