Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج انتظامات، سروسز کے معاہدے ڈیڈلائن سے قبل کر لیے جائیں گے: انیق احمد

نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کے مطابق ’90 فیصد اہداف وقت سے پہلے ہی حاصل کر لیے گئے ہیں‘ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ ’پاکستان سعودی عرب کی طرف سے حج کے موقع پر خدمات کی فراہمی کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ معاہدے 25 فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی یہ ہدف حاصل کر لے گا۔‘
 بدھ کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان نے وقت سے پہلے ہی 90 فیصد اہداف حاصل کر لیے ہیں اور بہت جلد یہ معاہدے مکمل کر کے تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار حجاج کے خوشگوار سفر کے لیے تمام انتظامات کر لے گا۔‘
انیق احمد کے مطابق ’ہم سعودی حکام کے تعاون پر شکر گزار ہیں اور ای حج کے علاوہ پاکستانی حجاج کی ٹرانسپورٹ، مکاتب، خوراک، رہائش، فضائی ٹکٹ اور دیگر خدمات کے معاہدے 25 فروری سے پہلے مکمل کر لے گا۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ نے بدھ کو سعودی سفارت خانے کی وساطت سے انیق احمد کو ایک خط بھیجا تھا جس میں انہوں نے حج کے حوالے سے بہترین انتظامات اور فعال کارکردگی کے صلے میں انعام جیتنے پر باضابطہ طور پر مبارک باد پیش کی۔ خط خدمات کے معاہدے بھی 25 فروری کی ڈیڈ لائن تک حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
 سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق نے خادمین حرمین شریفین کی سرپرستی میں پاکستانی زائرین کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
انیق احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت تصور کرتے ہیں کہ انہیں سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا- 
 واضح رہے کہ پچھلے ماہ جدہ میں منعقدہ عالمی حج  کانفرنس کے موقع پر پاکستان حج مشن کو بہترین اور فعال حج مشن کا ایوارڈ پیش کیا گیا تھا۔

شیئر: