Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ میں مزید ارکان اسمبلی کی شمولیت، پی ٹی آئی کے کتنے آزاد ممبرز شامل ہوئے؟

مسلم لیگ ن کے مطابق پی پی 90 سے احمد نور نورانی منتخب ہونے کے بعد ان کی جماعت میں شامل ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں انتخابات کے بعد آزاد امیدواران ایک بڑی تعداد میں جیت کا عَلم لیے سامنے آئے۔ خیبر پختونخوا میں کلین سویپ اور پنجاب میں بڑی تعداد میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔
پی ٹی آئی کی پارٹی ساخت پر قانونی قدغنوں کے باعث ان آزاد امیدواروں کے لیے اپنی جماعت کے ساتھ وفا نبھانے کا وقت تھا مگر اب پنجاب سمیت قومی اسمبلی کی نشستیں جیتنے والے امیدوار دیگر جماعتوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) اِن آزاد امیدواروں کو اپنی پناہ میں لینے کی کوششیں کر رہی ہے۔
جمعے کو بھی چار پنجاب اسمبلی جبکہ ایک قومی اسمبلی کے منتخب آزاد امیدوار پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے جاری کردہ بیان کے مطابق آج مزید قومی اسمبلی کی ایک جبکہ پنجاب اسمبلی کی 6  نشستیں مسلم لیگ ن کو مل گئی ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی، پی پی 272 مظفر گڑھ سے جیتنے والے رانا عبدالمنان، پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے۔
اکبر حیات ہراج اور اصغر حیات ہراج پہلے ہی مسلم لیگ ن میں شامل ہو چکے ہیں اور ان کا اعلان اس سے قبل پارٹی نے کر رکھا ہے۔ اس طرح آج مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے پنجاب اسمبلی کے منتخب آزاد اراکین کی تعداد چار ہے جن میں صرف ایک امیدوار پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ تھا۔
مجموعی طور پر اب تک 8 قومی اسمبلی کے منتخب اراکین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے جن میں ایک کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے منتخب 20 اراکین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے جن میں سے صرف چار کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ 
مسلم لیگ ن کے مطابق پی پی 90 سے احمد نور نورانی منتخب ہونے کے بعد ان کی جماعت میں شامل ہو گئے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود فارم 47 کے مطابق اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار عرفان اللہ خان نیازی نے 43957 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ احمد نور نورانی 43692 ووٹس لے کر ناکام ہوئے، تاہم اطلاعات کے مطابق دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عرفان اللہ خان نیازی ہار گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے منتخب اراکین

مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی کے پہلے آزاد منتخب رکن قومی اسمبلی وسیم قادر تھے۔ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے ن لیگ کے روحیل اصغر کو ہرانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ان کے علاوہ رضا حیات ہراج قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 144 خانیوال سے، این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز، این اے 54 سے آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ملک، این اے 146 سے منتخب ہونے والے پیر ظہور حسین قریشی، این اے 253 سے آزاد امیدوار بیرسٹر میاں خان بگٹی جبکہ آج این اے 92 سے منتخب ہونے والے آزاد امیدوار رشید اکبر نورانی پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں۔

تعلق کن جماعتوں سے تھا؟

آج مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے این اے 92 سے آزاد امیدوار رشید اکبر خان نے ایک لاکھ 42 ہزار 761 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار ظہیر عباس نقوی ناکام ہو گئے تھے۔ 

آٹھ فروری کے الیکشن کے نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں کی ایک بڑی تعداد کامیاب ہوئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

این اے 121 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار وسیم قادر 78 ہزار 703 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ این اے 144 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار شہباز احمد خان ناکام رہے تاہم آزاد امیدوار محمد رضا حیار ایک لاکھ 18 ہزار 999 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
اس کے علاوہ این اے 189 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار احمد علی خان ناکام رہے تاہم ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار شمشیر علی مزاری نے 83 ہزار 74 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
این اے 48 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار علی بخاری ناکام رہے تاہم راجہ خرم شہزاد نواز 69 ہزار 699 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
این اے 54 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار عذرہ مسعود ناکام رہیں تاہم آزاد امیدوار عقیل ملک 85 ہزار 912 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
این اے 146 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار عمران شاہ ناکام رہے تاہم آزاد امیدوار ظہور حسین قریشی ایک لاکھ 12 ہزار 666 ووٹس کے ساتھ کامیاب رہے۔
این اے 253 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار صدام ترین ناکام رہے تاہم آزاد امیدوار میاں خان بگٹی 46 ہزار 683 ووٹس کے ساتھ کامیاب ہوئے۔
اس حساب سے اب تک قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) میں پی ٹی آئی کے صرف ایک نامزد منتخب آزاد امیدوار نے شمولیت اختیار کی ہے جبکہ دیگر سات آزاد امیدوار پی ٹی آئی کے نامزد کردہ نہیں تھے.

پنجاب اسمبلی کے منتخب اراکین کی شمولیت

 آج چار آزاد امیدور مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر اب تک 20 پنجاب اسمبلی کے آزاد منتخب اراکین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے جن میں 4 کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔ ان کے علاوہ 16 آزاد منتخب ہونے والے اراکین کا تعلق براہ راست کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں تھا۔

تعلق کن جماعتوں سے تھا؟

آج مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں میں پی پی 92 سے آزاد امیدوار محمد عامر عنایت 41084 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار ایڈوکیٹ رفیق نیازی ناکام ہوگئے تھے. محمد عامر عنایت پی پی 93 سے بھی 50425 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سکندر احمد خان کو شکست ہوئی تھی
اسی طرح پی پی  272 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار رانا عبدالمنان نے 33453 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی.
پی پی 90 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار عرفان اللہ خان نیازی نے 43957 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آزاد امیدوار احمد نور خان نے 43692 ووٹس لے کر دوسرے نمبر پر تھے تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ دوبارہ گنتی میں احمد نواز خان جیت گئے ہیں۔
پی پی 48 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار احسن عباس ناکام رہے جبکہ آزاد امیدوار خرم خان ورک 47 ہزار 340 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔
پی پی 49 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار منور گل ناکام رہے جبکہ ازاد امیدوار محمد فیاض 48 ہزار 219 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

پنجاب اسمبلی میں ن لیگ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

پی پی 94 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد امیدوار سید حسن نواز ناکام رہے جبکہ تیمور علی بطور آزاد امیدوار 47 ہزار 879 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔
پی پی 96 سے پی ٹی آئی کے حسن جھپا ناکام رہے جبکہ آزاد امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ 52 ہزار 721 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔
پی پی 97 سے پی ٹی آئی کی آزاد امیدوار سلیم بی بی ناکام رہیں جبکہ آزاد امیدوار محمد ثاقب خان 42 ہزار 959 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
پی پی 132 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار احسن واہگہ ناکام رہے اور آزاد امیدوار سلطان باجوہ نے 47 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
پی پی 195 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار سلمان صفدر ناکام رہے اور ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار عمران اکرم کامیاب ہوئے۔
پی پی 205 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار عبدالنواز میلی ناکام رہے اور ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار محمد اکبر حیات 63 ہزار 128 ووٹوں کے ساتھ کامیاب رہے۔
پی پی 212 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار غلام مرتضی ناکام رہے اور آزاد امیدوار محمد اصغر حیات ہراج جیتے۔
اسی طرح پی پی 225 سے پی ٹی آئی کی آزاد امیدوار شازیہ حیات ترین نے 69 ہزار 799 ووٹس لے کر کامیاب ہوئی‍ں۔
پی پی 240 سے پی ٹی آئی کے نامزد آزاد امیدوار اویس اصغر ناکام رہے اور ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار محمد سہیل خان کامیاب ہوئے۔
پی پی 249 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار جواد احمد لودھی ناکام رہے اور آزاد امیدوار صاحبزادہ محمد غزیان عباسی کامیاب رہے۔
 پی پی 283  سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار غلام اصغر خان نے 56 ہزار 985 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی پی 288 سے پی ٹی آئی کے ملک اقبال ثاقب ناکام رہے اور ان کے مقابلے میں محمد حنیف پتافی 41 ہزار 657 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
پی پی 289 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار سردار احمد علی خان ناکام رہے جبکہ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار محمود قادر خان کامیاب ہوئے تھے۔

شیئر: