Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ

پاکستان فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز نے مظفر گڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں مشترکہ عسکری ٹریننگ کی۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملتان کور کے زیر اہتمام پاکستان فوج اور رائل سعودی لینڈ فورسز کی مشترکہ عسکری ٹریننگ کی گئی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون ہے۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فضائی، بری اور بحری مشقتیں کرتے ہیں۔ مملکت سے متعدد کیڈٹس فوجی تربیت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔
گزشتہ ماہ رائل سعودی لینڈ فورسز اور پاکستان فوج نے اوکاڑہ میں مشترکہ مشق کی تھی۔
جنوری میں بھی پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی فورم کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی تھی جس میں دو طرفہ تعاون اور تمام شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ تربیتی مشقیں دونوں فورسز کو اپنی طاقتوں کو ہم آہنگ کرنے، مہارت کا تبادلہ کرنے میں مدد دیں گی اور تجربات کے ذریعے اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک منفرد ذریعہ فراہم کریں گی۔‘
 بیان کے مطابق دونوں افواج نے بھرپور طریقے سے تربیت میں حصہ لیا اور نہایت خوش اسلوبی اور بلند جذبے کے ساتھ ٹریننگ سے مستفید ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تربیتی پروگرام میں مشترکہ بیٹل پی ٹی، چھو ٹے پیمانے پر آپریشنز، روم کلیئرنس کی مشق کی گئی۔
اس کے علاوہ نزدیک سے نشانہ بازی، فائرنگ اور رپیلنگ کے ساتھ ساتھ جدید مشقیں کی گئیں۔
ان مشقوں میں کوبرا ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔ دونوں فورسز نے دہشت گردی کے تناظر میں ہیلی کاپٹر سے ماؤنٹنگ اور ڈس ماؤنٹنگ کی مشقوں پر عبور حاصل کرنے کے لیے سخت ٹریننگ بھی کی۔

شیئر: