مسجد الحرام میں افطار دسترخوان کے لیے درخواستوں کی وصولی
’انفرادی طور پر دسترخوان بچھانے والوں کے لیے زیادہ سے زیادہ دو دستر خوان بچھانے کا ضابطہ مقرر کیا گیا ہے‘ (فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں افطار دستر خوان بچھانے کے خواہشمند اجازت ناموں کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے رمضان 1445 کے لیے افطار دسترخوان بچھانے کے لیے ضوابط مقرر کر لئے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’افطار دستر خوان بچھانے کے خواہشمند اپنے لیے مناسب مقام پسند کرسکتے ہیں‘۔
’انہیں مکہ مکرمہ میونسپلٹی میں رجسٹرڈ شدہ یا فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے منظور شدہ اداروں سے معاہدہ کرنا ہوگا‘۔
’دستر خوان بچھانے والے اجازت یافتہ اداروں سے افطار کا سامان خرید نے کے پابند ہوں گے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’انفرادی طور پر دسترخوان بچھانے والوں کے لیے زیادہ سے زیادہ دو دستر خوان بچھانے کا ضابطہ مقرر کیا گیا ہے‘۔
’جبکہ خیراتی اداروں کو زیادہ سے زیادہ 10 دستر خوان بچھانے کی اجازت ہوگی‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’دستر خوان میں خشک فوڈ، گٹھلی کے بغیر کھجور، کیک، پراٹھا، جوس وغیرہ رکھنے کی اجازت ہوگی‘۔
’إفطار کا تمام سامان سیل ہوگا اور ویب سائٹ میں دیئے گئے ضابطے اور معیار کے مطابق ہوگا‘۔
حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک میں افطار دستر خوان کے ضابطے زائرین کی سہولت، آسانی اور بہتری کے لیے ہیں‘۔