Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی و سعودی وزرائے تجارت کی ملاقات، باہمی سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔‘ (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے نگراں وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ دارالحکومت ریاض میں سعودی وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔
پاکستانی وفد میں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے تجارت و صنعت ایس ایم تنویر، عارف حبیب، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شامل ہیں۔
ریاض میں ہونے والی ملاقات میں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت نے تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے گوہر اعجاز کی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، ان کے لیے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان سعودی بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان فری ٹریڈ معاہدے کی توثیق ہو چکی ہے۔ سعودی عرب خلیجی ممالک کا سب سے بڑا ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
ان کے مطابق ’سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔‘
فورم سے چیئرمین سعودی بزنس فورم حسن الحزاوی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘

شیئر: