وزیر داخلہ کی سعودی سفیر سے ملاقات، سرمایہ کاروں کا وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا
وزیر داخلہ کی سعودی سفیر سے ملاقات، سرمایہ کاروں کا وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا
منگل 30 جنوری 2024 21:37
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔ (فوٹو: گوہر اعجاز ایکس)
پاکستان کے نگراں وزیر تجارت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے منگل کے روز پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی سے ملاقات کی اور پاکستان کے نمایاں صنعت کاروں کے وفد کے دورہ ریاض سے قبل کاروباری روابط مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں اور تقریباً 25 لاکھ پاکستانی مملکت میں رہتے اور کام کرتے ہیں، جو جنوبی ایشیائی ملک کے لیے بیرونی ترسیلات زر کا واحد سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
پاکستان کے اعلی حکام نے تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ اور پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے حال ہی میں مملکت کے طویل دورے کیے ہیں۔
سعودی سفیر سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر گوہر اعجاز کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری تعلقات مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔'
ڈاکٹر گوہر اعجاد کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'سعودی صنعت کار پاکستان میں سٹیل اور پیٹروکیمیکل کی صنعتوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔'
نگراں وفاقی وزیر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
گزشتہ برس نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کی قیادت میں پاکستان کی 15 نمایاں آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد سعودی عرب گیا تھا جس نے ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن، اختراعات کو فروغ دینے اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
ان معاہدوں سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور سٹارٹ اپس کو فروغ حاصل ہو گا اور ایکسلریٹرز اور انکوبیٹرز کو کاروباری سرگرمیوں کے متعلق معلومات کی فراہمی کے عمل کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
دونوں ملکوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔
نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی کو پاکستان کے فطری حسن سے مالامال شمالی علاقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور مملکت سے ان علاقوں میں لگژری ریزارٹ بنانے کے لیے کہا۔
وفاقی وزیر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 10 نمایاں صنعت کاروں پر مشتمل وفد کا دورہ سعودی عرب جلد متوقع ہے مگر بیان میں دورے کی تاریخوں کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔