’جب خبر لینے آئیں اور خود ہی خبر بن جائیں‘، پی ایس ایل یا ٹرولنگ مقابلہ
جمعرات 22 فروری 2024 11:22
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی ایس ایل ٹیمز صرف گراؤنڈز میں ہی نہیں سوشل میڈیا پر بھی سرگرم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں 17 فروری سے شروع ہونے والا پاکستان سپر لیگ (پی ایس یل) کا نواں ایڈیشن جاری ہے جس کے اب تک 7 میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اب تک کی ناقابل شکست ٹیم ملتان سلطانز 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنے دونوں میچز جیتنے کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب اس سیزن میں دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز اور پشاور زلمی اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکے اور صفر پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔
پی ایس ایل 9 ٹائٹل کے لیے کُل چھ ٹیمیں مدمقابل ہیں جن میں سے ٹاپ فور پلے آفس کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
جہاں پی ایس ایل کی ٹیمز گراؤنڈز میں آمنے سامنے نظر آتی ہیں وہیں سوشل میڈیا پر ان ٹیمز کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹس پر میمز اور ٹرولنگ کے تبادلے بھی جاری ہیں۔
منگل کے روز لاہور قلندرز جب ملتان سلطانز کے خلاف میچ سے قبل ملتان شہر پہنچی تو لاہور کی ٹیم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں شعر و شاعری کے بعد لکھا، ’قلندرز کا قافلہ سلطانوں کی خبر لینے ملتان روانہ۔‘
سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کچھ اس طرح کیا۔
بدھ کے روز ہونے والے ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں جب ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تو ملتان سلطانز کی ٹیم نے لاہور قلندرز کی پرانی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا ’جب آپ خبر لینے آئیں اور خود خبر بن جائیں۔‘
ٹیمز کی ان پوسٹس کے نیچے جوابات میں مداح دونوں اکاؤنٹس کے ایڈمنز کی تعریف کرتے دکھائی دیے اور ساتھ ہی ساتھ افتخار احمد کی ’شاندار پرفارمنس‘ پر بھی خوب تبصرے جاری رہے۔
اس سے قبل بھی ایک میچ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنی ٹویٹ میں ملتان سلطانز کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ’ہم پھر کیچ نہ دیں؟ُ‘
بظاہر اس ٹویٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ملتان کے کسی کھلاڑی نے کیچ ڈراپ کیا جس پر ملتان ٹیم کے اکاؤنٹ سے جواب آیا ’رکو ذرا صبر کرو۔‘
میمز اور ٹرولنگ پوسٹس کا سلسلہ یہاں ہی ختم نہیں ہوا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم نے ایک اور پوسٹ کی جس میں وی پی این کے کنیکشن کو دکھایا گیا اور اس کے نیٹ ورک کنیکشنز میں ان کے دو کھلاڑیوں کے نام شامل تھے۔
اس پوسٹ میں ٹیم نے ملک بھر میں ایکس سروس کی بندش اور صارفین کے وی پی این کے استعمال کو تخلیقی انداز میں بیان کیا۔