Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سپر لیگ: ملتان سلطانز کی پانچ خواتین جو نئی مثال بن رہی ہیں

ملتان سلطانز نے آئرلینڈ کی سابق کرکٹر کیتھرین ڈالٹن کو فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر رکھا ہے۔ (فائل فوٹو: ای ایس پی این)
سنہ 2019 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے منعقد کیے گئے ایک سیشن میں ملتان سلطانز کے سی ای او علی خان ترین بھی موجود تھے۔
سیشن کے دوران علی خان ترین اٹھے اور انہوں نے اُس وقت کے چئیرمین پی سی بی احسان مانی سے سوال پوچھا کہ ’سب سے اہم سوال یہ ہے کہ خواتین کرکٹ کا کیا ہو رہا ہے؟ آپ نے کرکٹ ایسوسی ایشن، فرسٹ اینڈ سیکنڈ ٹیمز، انڈر 19، انڈر16، انڈر13 اور سٹی لیول پر کرکٹ ٹیمز کا ذکر تو کر لیا لیکن کہیں بھی ذکر نہیں ہے کہ خواتین کرکٹ کا کیا ہو رہا ہے؟‘
انہوں نے کہا ’خواتین کرکٹ ٹیم کو وہ اہمیت کیوں نہیں دی گئی؟ کیوں ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کو پابند نہیں کیا گیا کہ آپ کم از کم ایک خواتین کرکٹ ٹیم بھی رکھیں؟‘
ملتان سلطانز کے سی ای او علی خان ترین کرکٹ کے حوالے سے جب منظرعام پر آئے تو اُنہوں نے خواتین کرکٹ کے لیے بھرپور آواز اٹھائی اور مختلف مواقع پر ان کے لیے مہم بھی چلائی۔
گزشتہ برس ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین کی وفات کے بعد ان کے بھتیجے علی خان ترین نے ٹیم کو سنبھالا۔
اس وقت پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز جاری ہیں۔ ملتان سلطانز کی ٹیم سمیت دیگر پانچ کرکٹ ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
اس پی ایس ایل میں ملتان سلطان واحد ٹیم ہے جس نے کئی خواتین کو اپنی منیجمنٹ اور کوچنگ سٹاف کا حصہ بنایا ہے۔
علی خان ترین خود خواتین کی کرکٹ میں شمولیت کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ وہ ’کھیلو خواتین‘ کے نعرے کے ساتھ رمضان ٹورنامنٹ سمیت کئی دیگر ٹورنامنٹس بھی منعقد کر چکے ہیں اور جنوبی پنجاب میں خصوصی طور پر خواتین کرکٹرز کے لیے نئے مواقع پیدا کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے سنہ  2019 میں خواتین کے عالمی دن پر ایکس پر لکھا کہ ’پاکستان میں لڑکوں کے کھیل کود کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ خواتین کو گھریلو سمجھا جاتا ہے.....‘ اپنی اسی پوسٹ میں انہوں نے سپورٹس میں کئی پاکستانی خواتین کی کامیابیوں کا تذکرہ بھی کیا۔
اس وقت ملتان سلطانز کی مینیجمنٹ اور کوچنگ سٹاف میں پانچ خواتین مرکزی عہدوں پر تعینات ہیں۔
حجاب زاہد ٹیم کی جنرل مینیجر ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پی ایس ایل میں پہلی بار مردوں کے لیگ میں خواتین کرکٹرز کو کوچنگ سٹاف میں رکھا ہے۔
ان میں انگلینڈ کی ایلکس ہرٹلے ٹیم کی اسسٹنٹ سپن بولنگ کوچ ہیں جبکہ آئرش خاتون کرکٹر کیتھرین ڈالٹن فاسٹ بولنگ کوچ ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی خاتون کرکٹر فاطمہ ثناء ٹیم کی برینڈ ایمبیسڈر ہیں جبکہ سدریش خان نامی خاتون ٹیم کے سوشل میڈیا پر جانے والے مواد کے لیے لائحہ عمل طے کرتی ہیں۔
سدریش خان کو ٹیم نے بطور سوشل میڈیا کانٹینٹ سٹریٹیجسٹ تعینات کر رکھا ہے۔

حجاب زاہد

ملتان سلطانز نے حجاب زاہد کو پی ایس ایل کی تاریخ کی پہلی خاتون جنرل مینیجر مقرر کیا ہے۔ ملتان سلطانز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہمیں کرکٹ مینیجمنٹ کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل متعارف کرانے پر خوشی ہے۔ ہم فخر کے ساتھ حجاب زاہد کو ملتان سلطانز کی نئی جنرل مینیجر کے طور پر اعلان کر رہے ہیں، جو پاکستان سپر لیگ کی کسی بھی فرنچائز کی تاریخ میں پہلی خاتون جنرل مینیجر کے طور پر ایک تاریخی لمحہ ہے۔‘
یہی نہیں بلکہ حجاب زاہد پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے کم عمر ترین جی ایم بھی ہیں۔ ان کی عمر 29 سال ہے اور وہ دنیا کی ٹی20 فرنچائز کی جنرل مینیجر مقرر ہونے والی خواتین میں سے ایک بھی ہیں۔
حجاب  زاہد نے یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر سے پروجیکٹ مینیجمنٹ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور اس سے قبل اسلام آباد یونائٹڈ کے میڈیا منیجر کے طور پر بھی کام کر چکی ہیں۔
حجاب زاہد کو جی ایم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے علی ترین نے ایکس پر لکھا کہ ’ملتان سلطانز نے حجاب زاہد کو مردوں کی کرکٹ میں جنوبی ایشیا کی پہلی خاتون جی ایم بنا تعینات کر دیا ہے۔ فرنچائز میں صنفی مساوات قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘

کیتھرین ڈالٹن

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار خاتون کوچ کی تقرری کا اعزاز بھی ملتان سلطانز کے پاس ہے۔
ملتان سلطانز نے آئرلینڈ کی سابق کرکٹر کیتھرین ڈالٹن کو فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر رکھا ہے۔ اس طرح کی بڑی لیگ میں کیتھرین ڈالٹن کسی مینز کرکٹ ٹیم کی پہلی خاتون بولنگ کوچ ہیں۔
کیتھرین ڈالٹن انگلینڈ میں پیدا ہوئیں تاہم انہوں نے 2015 میں آئرلینڈ کی شہریت حاصل کر لی۔ انہوں نے چار ون ڈے اور چار انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔ یہ انگلینڈ سے تربیت یافتہ ’لیول 3‘ کی کوچ ہیں۔
انہوں نے اس سے قبل راجھستان کرکٹ ایسوسی ایشن، الٹیمیٹ پیس اور برطانیہ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ کے فرائض ادا کیے ہیں۔

کیتھرین ڈالٹن انگلینڈ سے تربیت یافتہ ’لیول 3‘ کی کوچ ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

کیتھرین ڈالٹن ملتان سلطانز کے سینیئر اور جونیئر تمام فاسٹ بولرز کو گیند بازی کی گُر سکھاتی ہیں۔
پریکٹس سیش کے دوران وہ مرد کھلاڑیوں کے ساتھ ہنسی مذاق بھی کرتی ہیں جس کے باعث وہ توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔
ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے ساتھ اِن کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

ایلکس ہارٹلے

اس وقت ملتان سلطان میں تیسری سابق خاتون کرکٹر ایلکس ہارٹلے ہیں جن کا تعلق انگلینڈ سے ہے اور وہ انگلینڈ کے لیے 28 ون ڈے اور چار ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔
ملتان سلطانز کی فرنچائز نے ایلکس ہارٹلے کو پاکستان کے مایہ ناز سپن بولر ثقلین مشتاق کے ساتھ اسسٹنٹ سپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
فرنچائز نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انگلینڈ کی سابق کرکٹر ایلکس ہارٹلے کو اسسٹنٹ سپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کی فرنچائز نے ایلکس ہارٹلے کو اسسٹنٹ سپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

مردوں کی ٹیم کے لیے کوچنگ سٹاف میں دو خواتین کو بطور کوچ تعینات کرنے کا اعزاز ملتان سلطانز کے پاس ہے۔

فاطمہ ثنا

ملتان سلطان کے دو برینڈ ایمبیسڈرز میں سے ایک پاکستانی خاتون کرکٹر فاطمہ ثنا ہیں۔
فاطمہ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ انہوں نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 کیرئیر کا آغاز کیا۔

پی سی بی نے انہیں ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا تھا (فائل فوٹو: ملتان سلطانز)

وہ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ بھی تھیں۔ پی سی بی نے انہیں ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا تھا۔ اس وقت وہ ملتان سلطان کی برینڈ ایمبیسڈر ہیں۔

سدریش خان

ملتان سلطان کی فرنچائز میں پانچویں خاتون سدریش خان ہیں۔ وہ ٹیم کے سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والے مواد کے لیے لائحہ عمل طے کرتی ہیں۔ سدریش خان کو ٹیم نے بطور سوشل میڈیا کنٹینٹ سٹریٹیجسٹ تعینات کر رکھا ہے۔
انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے میڈیا سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ اس سے قبل وہ مختلف اخبارات و رسائل میں لکھ چکی ہیں۔

سدریش خان نے کراچی یونیورسٹی سے میڈیا سٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے (فائل فوٹو: پی ایس ایل، ایکس)

وہ 2017 تا 2018 ملتان سلطانز کے ساتھ سوشل میڈیا ایگزیکٹیو کے طور پر کام کر چکی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے پی سی بی اور پی ایس ایل کے ساتھ بھی یہی فرائض انجام دیے ہیں۔ اس وقت وہ ملتان سلطانز کے ساتھ منسلک ہیں اور سوشل میڈیا پر ٹیم فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

شیئر: