Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رشتے کی ویب سائٹ پر جعلی پروفائل‘، انڈین خاتون نے ٹی وی اینکر اغوا کر لیا

پولیس کے مطابق خاتون نے اینکر کو اغوا کرنے کے لیے چار افراد کی خدمات حاصل کیں۔ فوٹو بشکریہ: انڈیا ٹوڈے
انڈیا میں ایک 31 سالہ کاروباری خاتون کو پولیس نے مبینہ طور پر ایک ٹیلی ویژن میوزک چینل کے اینکر سے شادی کرنے کی نیت سے اُس کا تعاقب اور اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے خاتون کی شناخت بھوگیریڈی ترشنا کے طور پر کی ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا کاروبار کرتی ہیں۔
دو سال قبل شادی کے لیے رشتے کی ایک ویب سائٹ پر ٹی وی اینکر پرناؤ سِسٹلا کی تصاویر دیکھ کر ترشنا اُن کی طرف متوجہ ہوئیں۔
بھوگیریڈی ترشنا نے پروفائل کے ذریعے اینکر کا نمبر تلاش کیا اور جب اس نے ایک انسٹنٹ میسجنگ ایپ کے ذریعے پرناؤ سے رابطہ کیا تو اینکر نے بتایا کہ کسی نامعلوم شخص نے اس کی تصویر استعمال کر کے شادی کی سائٹ پر جعلی اکاؤنٹ بنایا۔
اینکر نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے سائبر کرائم پولیس سٹیشن میں اس بارے میں شکایت درج کرائی ہے۔
خاتون اینکر کو پیغامات بھیجتی رہیں۔ تاہم اس کی پیش قدمی کو اس وقت ٹھکرا دیا گیا جب پرناؤ نے اس کا نمبر بلاک کر دیا۔
اس دھچکے سے پریشان بھوگیریڈی ترشنا نے اینکر سے شادی کرنے کا عزم کیا، اور مبینہ طور پر اسے اغوا کرنے کا منصوبہ بنایا۔
تلنگانہ ریاست کے شہر حیدرآباد کی پولیس کے مطابق خاتون نے اینکر کو اغوا کرنے کے لیے چار افراد کی خدمات حاصل کیں اور پرناؤ کی گاڑی پر اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ایک ٹریکنگ ڈیوائس بھی لگائی۔
رواں ماہ کی 11 تاریخ کو ہائر کیے گئے افراد نے مبینہ طور پر ٹی وی اینکر کو اغوا کر کے اسے خاتون کے دفتر میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ اپنی جان بچانے اور خوف کے باعث ٹی وی اینکر نے خاتون کی فون کالوں کا جواب دینے پر رضامندی ظاہر کی جس پر اسے چھوڑ دیا گیا۔
پولس سٹیشن میں شکایت درج کرانے کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف اغوا اور تشدد کی دفعات کے تحت کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس نے ملزم خاتون کو ان چار افراد کے ساتھ گرفتار کر لیا جنہوں نے اینکر کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر پرشوتھم ریڈی نے بتایا کہ تکنیکی ثبوت کو دیکھتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تفتیش کی گئی۔

شیئر: