قبل ازیں پیر کو وزیراعلٰی پنجاب منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں پہلا خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’اپوزیشن کو کہنا چاہتی ہوں کہ میرے دفتر، دل اور چیمبر کے دورازے ان کے لیے کھلے ہیں۔‘
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’تقریر کے دوران اپوزیشن کے اراکین موجود نہیں تھے۔ میں چاہ رہی تھی کہ وہ جمہوری عمل میں موجود ہوتے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’ہم پر بھی مشکل وقت آئے اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہم نے بطور جماعت میدان خالی نہیں چھوڑا۔‘
’آج اگر اپوزشین موجود ہوتی اور تقریر کے دوران شور شرابا کرتی تو مجھے خوشی ہوتی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ’میں ان سب کی بھی وزیراعلٰی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیا اور ان کی بھی ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا۔‘
نومنتخب وزیراعلٰی نے اپوزیشن اور اتحادی سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جتنی مسلم لیگ ن کی وزیراعلٰی ہوں، اتنی آپ کی بھی ہوں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ’آج پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلٰی ایوان میں کھڑی ہیں۔ میں امید کرتی ہوں یہ سلسلہ میرے بعد بھی چلے۔‘
نومنتخب وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ ’نہ انتقام اور نہ بدلے کا جذبہ ہے۔ سخت تکالیف کے باوجود سمجھتی ہوں کہ مخالفین نے مجھ پر احسان کیا۔‘
مریم نواز کے مطابق جس دن ان کی بطور وزیراعلٰی نامزدگی ہوئی، نواز شریف نے ان کے ساتھ اگلے پانچ سال کا پلان ترتیب دیا۔
نومنتخب وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے سب قابل احترام ہیں اور سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہوں۔‘
’اتحادیوں اور اپوزیشن کو کہنا چاہتی ہوں کہ میں پی ایم ایل این کی طرح آپ کے لیے دستیاب ہوں گی کیونکہ میں صرف اپنی پارٹی کی وزیراعلٰی نہیں ہوں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ آج حلف برداری کے بعد دفتر جائیں گی اور منشور پر عملدرآمد شروع ہو گا۔
’کاروباری افراد کو ہر سہولت فراہم کریں گے‘
مریم نواز نے کہا کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ پالیسی بنانا ہے اور کاروبار کے لیے اچھا ماحول فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کو ہر سہولت فراہم کریں گے اور ’ون ونڈو سلوشن‘ فراہم کریں گے۔
’پارلیمانی کیمٹی میں کہہ چکی ہوں کہ کرپشن کے لیے میری زیرو ٹالیرنس ہو گی۔ ایسا صاف شفاف نظام لائیں گے جو موثر ہو۔‘
مریم نواز نے کہا کہ رمضان کے لیے ایک نگہبان کے نام سے ریلیف پیکج بنایا ہے جو گھروں تک پہنچایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ اگلے تین ماہ تک مستحقین کے ڈیٹا پر کام کریں گے۔
’نوجوانوں کو اعلٰی تعلیم کے لیے وسائل کی فراہمی‘
مریم نواز نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کے دل کے قریب جو ایجنڈا ہے وہ پنجاب کے نوجوانوں کے لیے کام کرنا ہے اور ان کو سہولیات دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فیس واپس کرنے کی سکیم متعارف کروائیں گے اور ان کو اعلٰی تعلیم کے لیے وسائل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو انٹرن شپ کے دوران 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
’میرا خواب ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے سکول سے باہر نہ ہو۔ پنجاب کے ہر ضلعے میں کم از کم ایک دانش سکول قائم ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک موٹربائیکس نوجوانوں اور طلبہ کو دیں گے جس پر وہ کاروبار بھی کر سکیں گے اور یونیورسٹی بھی جا سکیں گے۔
آئی ٹی سٹارٹس اپس کا پروگرام
مریم نواز نے اپنی تقریر میں ہمسایہ ممالک انڈیا اور بنگلہ دیش کا حوالہ دیتے ہوئے وہ آئی ٹی میں بہت آگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ گھر بیٹھے بیٹھے نوجوان کاروبار شروع کریں۔ انہوں نے پنجاب میں پانچ آئی ٹی سٹی بنانے اعلان کیا۔
جدید ہسپتال اور طبی سہولیات کا اعلان
مریم نواز نے کہا کہ ’جب پانچ سال کے بعد جب حکومت چھوڑ کر جاؤں تو پنجاب کا ایسا کوئی ضلع نہ ہو جہاں جدید ہسپتال نہ ہو۔‘
انہوں نے اعلان کیا کہ تمام سرکاری پسپتالوں کی ایمرجنسیوں میں مفت ادویات آج سے دینا شروع کر رہے ہیں۔
12’ ہفتوں میں پنجاب کی پہلی ایئرایمبولینس کی سروس دینے جا رہے ہیں۔‘
مریم نواز نے ہیلتھ کارڈ دوبارہ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
’خواتین کو ہراساں کرنا مریم نواز شریف کی ریڈ لائن ہے‘
مریم نواز نے کہا خواتین کے لیے ایک بہتر اور محفوظ پنجاب بنانا چاہتی ہیں۔ ’خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے کام کی جگہ پر سہولیات دیں گے اور کام کی جگہ پر ڈے کیئر سینٹر بھی قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مالی طور پر اور معاشرے میں خودمختار بنانے کے لیے مریم نواز 24 گھنٹے کام کریں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ خواجہ سراؤوں کو مرکزی دھارے میں لائیں گے۔ ان کو جلد عزت والا روزگار فراہم کریں گے۔
قسطوں پر سولر پینل دینے کا اعلان
مریم نواز نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں فوری ریلیف آسان نہیں لیکن بجلی صارفین کو قسطوں پر سولر پینل دیں گے۔ تین سو یونٹ یا اس سے کم لوگوں کو سولر دیں گے۔
جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ
مریم نواز نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دیں گی اور اپنی ملاقاتوں کا آغاز جنوبی پنجاب کے ممبران سے کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ساڑھے بارہ کروڑ عوام کی ذمہ دار ہیں۔