لاہور قلندرز کی بولنگ کو تہس نہس کر دینے والے عثمان خان کون ہیں؟
لاہور قلندرز کی بولنگ کو تہس نہس کر دینے والے عثمان خان کون ہیں؟
منگل 27 فروری 2024 20:00
29 سالہ عثمان خان کے ٹی20 فارمیٹ میں 791 رنز مکمل ہو چکے ہیں(فائل فوٹو: ایکس، پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے عثمان خان نے صرف 55 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے۔
عثمان خان کی دھواں دھار بلے بازی انہیں اس ایونٹ کی تیسری سینچری تو نہ دلوا سکی لیکن ٹورنامنٹ میں عثمان خان کی شاندار بیٹنگ نے شائقینِ کرکٹ کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ میں عثمان خان 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر سلمان فیاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔
عثمان خان کون ہیں؟
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے عثمان خان 10 مئی 1995 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ کچھ عرصے کے لیے متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں ایک کمپنی میں ملازمت بھی کرتے رہے۔
محمد عثمان اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ نو اکتوبر 2017 کو قائداعظم ٹرافی کراچی میں خان لیبارٹریز کے خلاف کراچی وائٹ کی جانب سے کھیلا تھا۔ پھر انہوں نے 21 اکتوبر کو راولپنڈی کی جانب سے دوسرا فرسٹ کلاس میچ بھی کراچی میں میچ کھیلا تھا۔
ٹی20 میں عثمان خان نے اپنا ڈیبیو تین مارچ 2021 کو کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے کیا تھا۔
نومبر 2022 میں عثمان خان کو چٹوگرام چیلنجرز نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2022-23 میں کھیلنے کے لیے سائن کیا تھا۔
نو جنوری 2023 کو انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں صرف 58 گیندوں پر اپنی پہلی سینچری بنائی تھی۔ کَھلنا ٹائیگرز کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے 103 رنز بنائے جن کی مدد سے ان کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے ٹورنامنٹ کی پہلی فتح ملی تھی۔
آج لاہور میں ہونے والے میچ سے قبل 25 فروری 2024 کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں عثمان خان نے 14 رنز بنائے تھے۔
پی ایس ایل کی تیزترین سینچری
عثمان خان نے 12 مارچ 2023 کو راولپنڈی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں 36 گیندوں پر 100 رنز بنا کر اپنی ہی ٹیم کے بیٹر ریلی روسو کا پی ایس ایل کی تیزترین سینچری کا ریکارڈ توڑا تھا۔
ان سے قبل ریلی روسو نے 41 رنز میں پشاور زلمی کے خلاف سینچری مکمل کی تھی۔
29 سالہ عثمان خان کے ٹی20 فارمیٹ میں 791 رنز مکمل ہو چکے ہیں جن میں دو سینچریاں اور دو نصف سینچریاں شامل ہیں۔