Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کا پانسہ پلٹنے والے زلمی کے عارف یعقوب کون ہیں؟

عارف یعقوب نے دسمبر 2023 میں اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں(فائل فوٹو:ایکس)
پشاور زلمی کے لیگ سپنر عارف یعقوب نے پیر کی رات کو قذافی سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچ میں ایک ہی اوور میں چار وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پی ایس ایل 9 کے 13ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دی اور پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر پہنچ آگئے۔
پشاور زلمی کے بولر عارف یعقوب نے جب 19ویں اوور کا آغاز کیا تو اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 12 گیندوں پر 21 رنز چاہیے تھے اور کولن منرو اور اعظم خان نصف سینچریاں سکور کرکے کریز پر موجود تھے۔
اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ اسلام آباد یہ میچ آسانی سے جیت جائے گا۔ 
تاہم عارف یعقوب میں اس اوور میں یونائیٹڈ کے چار بیٹسمنوں کو پولین کی راہ دکھا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ان چار کھلاڑیوں میں، حیدر علی، فہیم اشرف، حنین شاہ اور کولن منرو کی وکٹیں شامل تھیں۔
عارف یعقوب نے آج کے میچ میں 27 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل 23 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں انہوں نے 43 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔

عارف یعقوب کون ہیں؟

سپن بولر عارف یعقوب 25 اکتوبر 1994 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ عارف یعقوب اس وقت پہلی مرتبہ نگاہوں میں آئے جب انہوں نے دسمبر 2023 میں اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) کی جانب سے کھیل رہے تھے۔
انہوں نے اس میچ میں حریف پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے خلاف پہلی اننگز میں چار جبکہ دوسری اننگز میں 6 وکٹیں گرائی تھیں۔
ماضی قریب میں جنوری 2024 میں عارف یعقوب نے ایس این جی پی ایل کی جانب سے واپڈا کے خلاف میچ میں حصہ لیا تھا۔
عارف یعقوب نے اس سے قبل نیشنل ٹی20 کپ میں بھی 21 وکٹیں لی تھیں۔
ایس این جی پی ایل نے عارف یعقوب کی بولنگ کی بدولت پریزیڈنٹ ٹرافی کے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جس نے پی ٹی وی کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: