Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9 میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے محمد علی کون ہیں؟

فاسٹ بولر نے قومی ٹیم کے لیے دو ٹیسٹ میچ کھیل رکھے ہیں جس میں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کی ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کا کامیاب سفر جاری ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہے۔
جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے وہیں اُن کے فاسٹ بولر محمد علی بھی ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔
محمد علی نے اپنے پہلے پی ایس ایل میں اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے عمدہ کارکردگی کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
محمد علی کو ملتان سلطانز نے گزشتہ برس ہونے والے ڈرافٹ میں سِلور کیٹیگری میں اپنے ٹیم میں شامل کیا تھا۔
یکم نومبر 1992 کو صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے محمد علی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو قائد اعظم ٹرافی کے 19-2018 میں سیزن میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹیڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کے لیے کیا تھا۔
اُس سیزن میں محمد علی زیڈ ٹی بی ایل کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنے۔
انہوں نے زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے پانچ میچوں میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 

ملتان سلطانز نے محمد علی کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں سِلور کیٹیگری میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح انہوں نے زیڈ ٹی بی ایل کے لیے لسٹ اے (ڈومیسٹک ون ڈے) ڈیبیو 8 اکتوبر 2018 میں کیا۔
محمد علی نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے لیے یکم دسمبر 2022 کو ڈیبیو کیا جہاں انہیں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
فاسٹ بولر نے قومی ٹیم کے لیے دو ٹیسٹ میچ کھیل رکھے ہیں جس میں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لیے مزید نہ کھیل سکے تاہم انہیں اپریل 2023 میں شاہینز (پاکستان اے) کے دورہ زمبابوے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا۔
محمد علی کی پی ایس ایل 9 میں عمدہ کارکردگی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف آرچر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ملتان سلطانز کے بولر محمد علی سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ وہ ہمیشہ گیند سے بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں۔‘
 
کرک اِنفو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’محمد علی کا شاندار سیزن جاری ہے۔‘
 
ٹوئٹر صارف حسن لکھتے ہیں کہ ’محمد علی اس پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ بغیر کسی شک و شبے کے وہ اس وقت نسیم شاہ کے بعد پاکستان کے دوسرے بہترین بولر ہیں۔‘
 
عاطف نواز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’پانچ میچوں میں 13 وکٹیں۔ محمد علی کا شاندار سیزن جا رہا ہے۔ فضل محمود کیپ ہولڈر ملتان سلطانز کے لیے بہت سود مند رہے ہیں جنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلی شکست دی اور پی ایس ایل کے ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل ینگ گوئی نے ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’حارث رؤف کے انجرڈ ہونے کے بعد سلیکٹرز کے لیے محمد علی کو اس پی ایس ایل کے بعد نظر انداز کرنا بہت مشکل ہوگا۔‘
 

سکرین شاٹ

 

شیئر: