Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر سلیم سواتی: سرکاری افسر سے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی تک

بابر سلیم نے 2002 میں پہلی بار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ فوٹو: بابر سلیم فیس بک
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رکن اسمبلی اور بعد ازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے والے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کر کے خیبرپختونخوا اسمبلی کے 16ویں سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا جس کے ذریعے کل 106 ووٹ ڈالے گئے۔
بابر سلیم سواتی کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے صرف 17 ووٹ حاصل کیے۔
نو منتخب سپیکر بابر سلیم سواتی نے حلف لے کر ایوان کی صدارت سنبھال لی ہے۔ بابر سلیم سواتی نے پارٹی قیادت کے اعتماد اور اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
بابر سلیم سواتی کا تعارف 
بابر سلیم سواتی کا تعلق ضلع مانسہرہ کے جہانگیری خاندان کی سواتی قوم سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد پبلک سکول سے حاصل کی، پھر پشاور ایڈورڈز کالج سے گریجویشن کے بعد پشاور یونیورسٹی سے شعبہ جیالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
سیاسی سفر کا آغاز کب ہوا؟ 
بابرسلیم سواتی سنہ 2001 تک پاکستان سٹیٹ آئل سے وابستہ رہے مگر سیاست میں قدم رکھنے کے لیے انہوں نے گریڈ 19 کے عہدے سے 2001 میں استعفیٰ دے دیا تھا۔
انہوں نے 2002 میں پہلی بار آزاد حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لیا مگر کامیاب نہ ہو سکے۔

 بابر سلیم سواتی 89 ووٹوں سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے۔ بابر سلیم انسٹا

2005 میں بلدیاتی الیکشن میں مانسہرہ سے انتخابی میدان میں اترے اور سٹی ناظم بن کر ضلع کونسل کے اپوزیشن لیڈر بنے۔
سنہ 2008 میں عام انتخابات میں حصہ لیا اور  مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تاہم ناکام رہے۔
اس کے بعد انہوں نے 2013 میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا مگر ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ 
بابر سلیم سواتی نے 2013 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی اور سنہ 2014 میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر بن کر پارٹی سنبھالی۔   
سواتی صاحب سنہ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 31 سے الیکشن جیت گئے تھے۔  بابر سلیم سابق وزیر اعلٰی محمود خان کے مشیر داخلہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
عام انتخابات 2024 کے الیکشن میں بابر سلیم سواتی  پی کے 37 سے پھر منتخب ہو کر صوبائی اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

شیئر: