Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: سنی اتحاد کونسل کے اراکین کا شور شرابہ، اجلاس جمعے تک ملتوی

16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس، نومنتخب ارکان نے حلف ٹھا لیا

بلوچستان اسمبلی کا پہلا اجلاس، ارکان ایک دوسرے سے ’وزیراعلٰی‘ کا نام پوچھتے رہے

ایاز صادق سپیکر اور غلام مصطفیٰ ڈپٹی سپیکر کے لیے اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہوں گے

بیل آؤٹ پیکج میں سیاسی استحکام کو مدِنظر رکھا جائے: پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 سنی اتحاد کونسل کے اراکین کا شور شرابہ، اجلاس جمعے تک ملتوی
قومی اسمبلی کے 336 ارکان میں سے 282 ممبران نے حلف اٹھا لیا ہے۔
رہنما ن لیگ خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن بینچوں کی طرف سے نعرے بازی ہوئی جس پر سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمان کا مقصد ہے کہ ایک دوسرے کی بات سنیں۔
ایوان کی کارروائی کے دوران مہمانوں کی گیلری میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی۔
میاں نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، عمر ایوب، اختر جان مینگل، خالد مگسی، محمود اچکزئی اور چوہدری سالک سمیت دیگر ارکان نے حلف اٹھایا۔
خواجہ آصف نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ سنی اتحاد نے کسی مخصوص نشست کے لیے اپلائی ہی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہوں نے کوئی لسٹ فراہم نہیں کی۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ کیا۔
شور شرابے کے دوران سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل جمعہ کے روز صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔
بابر سلیم سواتی خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر منتخب 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کر کے 16 ویں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
بابر سلیم سواتی کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے احسان اللہ نے 17 ووٹ حاصل کیے۔
سپیکر کے انتخاب کے لیے کُل 106 ووٹ ڈالے گئے۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا انتخاب، خفیہ رائے شماری جاری 

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری جاری ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی کے دو نو منتخب ارکان سے سپیکر مشتاق غنی نے اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا۔ 
نو منتخب حلف لینے والے ارکان میں شانگلہ کے عبدالمنعم اور تورغر کے لائق احمد خان شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں ارکان کی تعداد 118 ہو گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان اور شیر افضل مروت نے عمران خان کے چہرے کا ماسک پہن کر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔
مسلم لیگ ن کے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب

مسلم لیگ ن کے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلامقابلہ سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
 پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئی ہیں۔
سیکریٹری اسمبلی کے مطابق آج 3 بجے کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی کامیابی کا اعلان کیا جائے گا۔
بلوچستان اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر حلف اٹھائیں گے۔
ن لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی

پاکستان کی سولہویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا ہے جبکہ حلف برداری سے پہلے  ایوان میں ن لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔
جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ اجلاس شروع ہونے پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین قومی اسمبلی احتجاج کرنے سپیکر ڈائس کے سامنے آ گئے تاہم حلف برداری شروع ہونے پر اپنی نشستوں پر واپس آ گئے۔
حلف برداری کے بعد اب تمام ارکان باری باری سپیکر کے ڈائس کے ساتھ رکھے رجسٹر پر دستخط کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع
قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین کی بڑی تعداد موجود ہے جو آج حلف اٹھائیں گے۔
نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت دیگر پارٹیوں کی قیادت بھی ایوان میں موجود ہے۔
ایوان میں مہمانوں کے داخلے پر باپندی کے باعث گیلریوں کے باہر رش لگا ہوا ہے۔
ایوان کے مختلف انٹری گیٹس پر رش کے باعث بدنظمی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔
قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لیے اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری
سولہویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لیے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کی پارلیمان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے مین گیٹ پر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔
آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، نواز شریف

قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی آمد کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے متعلق سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ ’ایسے خط وہی لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وطیرہ ہے۔ کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی۔‘
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی عمران خان کے حق میں نعرے بازی 

سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایوان میں عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔
اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ کچھ نے عمران خان کے ماسک بھی پہن رکھے تھے۔
سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔

شیئر: