Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم کی انڈین ٹی20 کرکٹ ٹیم راجستھان رائلز کے ساتھ شراکت داری

یہ نئی شراکت داری 2023 کے ایک آزمائشی پروگرام کی کامیابی کے بعد ہو رہی ہے (فائل فوٹو: سپلائیڈ)
سعودی عرب کے شمال مغرب میں جاری پائیدار ترقی کے پروگرام نیوم نے معروف انڈین ٹی20 کرکٹ ٹیم راجستھان رائلز کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے میں طے پایا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ 2024 اور 2025 میں راجستھان رائلز کی ٹیم کے کھلاڑی اپنی شرٹس پر نیوم کا کارپوریٹ برینڈ لوگو لگائیں گے۔
راجستھان رائلز کے مالک منوج بڈالی نے کہا کہ ’ہم نیوم کا اپنے بنیادی شراکت دار کے طور پر خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ معاہدہ عالمی سطح پر ہماری رسائی بڑھانے، فرنچائز کے طور پر ہماری شناخت اور مثبت سماجی اثرات مرتب کرنے کے لیے اہم ہے۔‘
’ہم نیوم میں کرکٹ کے علمبردار بننے اور مملکت میں کھلیوں کے فروغ کے لیے پرجوش ہیں، جس کے لیے سعودی حکومت اور سعودی کرکٹ فیڈریشن سرگرم ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ شراکت نیوم اور ہمارے انڈین شائقین کرکٹ کے درمیان روابط استوار کرنے کا باعث بھی بنے گی۔‘
یہ نئی شراکت داری 2023 کے ایک آزمائشی پروگرام کی کامیابی کے بعد ہو رہی ہے اور رواں برس نیوم جسمانی طور پر سرگرم اور صحت مند سوسائٹی کے اپنے عزم کے حصول کے لیے ایک قدم آگے بڑھ رہی ہے۔
اس معاہدے کے تحت راجستھان رائلز اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن دونوں مل کر نیوم کو مردوں اور خواتین کے لیے کھیلوں کے مواقع مہیا کرنے کے قابل بنائیں گے۔
 

شیئر: