Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شبنم اسماعیل نے ویمن کرکٹ کی تیز ترین بولر کا ریکارڈ قائم کردیا

بین الاقوامی ویمن کرکٹ میں بھی سب سے تیز بولنگ کا ریکارڈ شبنم اسماعیل کے پاس ہے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی سابق فاسٹ بولر شبنم اسماعیل نے ویمن کرکٹ کی تاریخ کی سب سے تیز رفتار بولر کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
انڈیا میں ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ میں شبنم اسماعیل نے ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہوئے دہلی کیپیٹلز کے خلاف میچ کے تیسرے اوور میں 132 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی۔
یہ میچ کے تیسرے اوور کی دوسری گیند تھی جسے دہلی کیپٹلز کی کپتان میگ لیننگ مکمل مس کر گئیں اور بال ان کے فرنٹ پیڈ پر لگی۔ ممبئی انڈینز نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی مگر میگ لیننگ کو ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔
اننگز کے اختتام پر جب شبنم سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں معلوم ہوا کہ انہوں نے ویمنز کرکٹ میں اب تک کی تیز ترین گیند کروائی ہے تو ان کا کہنا تھا ’جب میں بولنگ کر رہی ہوتی ہوں تو بڑی سکرین کی طرف نہیں دیکھتی‘۔
شبنم اسماعیل نے پہلے بھی دہلی کیپٹلز کے خلاف ہی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 128.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بال کی تھی۔ تاہم، وہ انجری کے باعث کچھ میچز میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی نہیں کر پائی تھیں اور منگل کو ایکشن میں واپس آئیں۔
ریکارڈ بریکنگ گیند کے باوجود شبنم اسماعیل نے اپنے مقررہ 4 اوورز میں 46 رنز دیکر محض ایک وکٹ حاصل کی۔
بین الاقوامی کرکٹ میں بھی، سب سے تیز بولنگ کا ریکارڈ شبنم اسماعیل کے پاس ہے، جب انہوں نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 128 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایک بال کی تھی اور 2022 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں دو بار 127 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار عبور کی تھی۔
35 سالہ شبنم نے  ہوم ٹی 20 ورلڈ کپ کے چند ماہ بعد مئی 2023 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی، جس پر ان کے 16 سالہ کیریئر کا اختتام ہوا۔
انہوں نے تمام فارمیٹس کی کرکٹ میں 317 وکٹیں حاصل کیں اور 241 بین الاقوامی میچز کھیلے جن میں 127 ون ڈے، 113 ٹی 20 اور ایک ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب وہ دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلتی نظر آتی ہیں۔

شیئر: