انوار الحق کاکڑ وزراتِ ہاؤسنگ کے 60 لاکھ روپے کے نادہندہ نکلے: نوٹس
جمعہ 8 مارچ 2024 17:48
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ وزراتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے 60 لاکھ روپے کے نادہندہ نکلے۔
وزراتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے رقم کی ادائیگی کے لیے انوار الحق کاکڑ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
وہ بطور سینیٹر گذشتہ ساڑھے پانچ سال سے منسٹرز انکلیو اسلام آباد کے بنگلہ نمبر 5 بلاک اے میں رہائش پذیر ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کے ذمے منسٹر انکلیو میں ساڑھے پانچ سال رہائش کا کرایہ 60 لاکھ روپے واجب الادا ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق انوارالحق کاکڑ نے منسٹر انکلیو میں رہائش گاہ کا ماہانہ کرایہ ادا نہیں کیا۔
یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ 14 اگست 2023 سے 4 مارچ 2024 تک پاکستان کے نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اگر میرے ذمے کوئی رقم ہے تو میں ادا کروں گا: انوار الحق کاکڑ
سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزارتِ ہاؤسنگ سے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ’اگر میرے ذمہ سرکاری رہائش گاہ کے بلز یا کرایہ ہے تو میں اُسے ادا کروں گا۔‘
انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 32 ویں وزیراعظم رہ چکے ہیں
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 32 ویں وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ان کا بطور نگراں وزیراعظم طویل ترین دور تھا جو چھ ماہ پر محیط رہا۔
بعداازاں رات گئے انوارالحق کاکڑ نے اردو نیوز سے دوبارہ بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ’میں یہ واجبات پہلے ہی ادا کر چکا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سے قبل مجھے غلط فہمی ہو گئی تھی کہ شاید یہ نیا نوٹس جاری ہوا ہے۔‘
سابق نگراں وزیراعظم نے بتایا کہ ’میں 23 اگست 2023 کو 53 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات جمع کرا چکا ہوں جن کی میرے پاس رسیدیں موجود ہیں۔‘