رمضان منصوبے کا آغاز، مطاف عمرہ زائرین کے لیے مختص
حرمین انتظامیہ اور دیگر اداروں نے رمضان پلان تیار کیا ہے۔ (فوٹو القرآن الکریم لائیو)
سعودی عرب میں حرمین شریفین امور کی نگراں اتھارٹی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں مطاف میں عمرہ زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
عاجل ویب کے مطابق حرمین اتھارٹی نے کہا کہ مطاف جانے والے راستوں پر اہلکار تعینات ہیں جو عمرہ زائرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں مطاف میں داخل ہونے دیں گے۔
حرمین اتھارٹی نے مزید بتایا مطاف کی جانب جانے والے راستوں میں سب سے اہم باب عبدالعزیز گیٹ ہے۔ آسانی کے ساتھ مطاف میں پہنچا جاسکتا ہے جبکہ دیگر راستوں میں باب فہد ، باب عمرہ اور باب السلام ہیں۔
حرمین شریفین اتھارٹی نے کہا کہ رمضان المبارک میں مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کےلیے مختص ہوگا جبکہ دوسرے زائرین بالائی منزلوں پر طواف کر سکتے ہیں۔
حرمین شریفین امور اتھارٹی کا کہنا تھا اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ اتھارٹی نے دیگر اداروں کے تعاون سے رمضان المبارک آپریشنل پلان تیار کیا ہے جس پر عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ زائرین حرم یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادت کرسکیں اور وہ راحت و اطمینان سے عمرہ، طواف اور نمازیں ادا کرسکیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں