رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں الیکٹرک گاڑیاں کہاں سے ملیں گی؟
جمعرات 29 فروری 2024 13:20
’الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 13 مقامات مقرر کئے گئے ہیں جہاں سے یہ گاڑیاں حاصل کی جاسکتی ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے الیکٹرک گاڑیوں اور وہیل چیئر کی سہولت کو منظم کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 13 مختلف مقامات مقرر کئے ہیں جہاں سے یہ گاڑیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’الیکٹرک گاڑیاں حاصل کرنے کے لیے 10 مقامات مسجد الحرام کے اندر مقرر ہیں جبکہ تین مقامات بیرونی صحنوں میں ہیں‘۔
’زائرین بیرون صحنوں میں باب علی، اجیاد اور شبیکہ پل کے پاس الیکٹرک گاڑیاں حاصل کرسکتے ہیں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’وہیل چیئر حاصل کرنے والوں کے لیے اجیاد، الرواسی، کدی میں کلاک ٹاور کے نیچے، ملک عبد العزیز گیٹ، حرم کی زریں منزل، باب ملک فہد اور مسعی کی پہلی منزل مقرر کی گئی ہیں‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ معذور اور معمر افراد کے لیے مطاف میں بھی مفت وہیل چیئر کا انتظام ہے‘۔