Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی20 میں ’سٹاپ کلاک‘ کا قانون متعارف کرا دیا

یہ قانون سنہ 2022 کے اوائل میں مینز اور ویمنز کرکٹ کے لمیٹڈ اوورز مقابلوں (یعنی ون ڈے اور ٹی20) پر نافذ کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ میں اوورز کو مقررہ وقت میں ختم کرنے کے لیے ’سٹاپ کلاک‘ کا قانون متعارف کرا دیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق دبئی میں منعقدہ اجلاس میں آئی سی سی نے یکم جون 2024 سے یہ قانون مستقل طور پر ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ کے لیے نافذ کر دیا ہے۔
اس قانون کو گزشتہ برس دسمبر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹرائل کے طور پر نافذ کیا گیا تھا۔
اس قانون کے تحت فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو ایک اوور کے اختتام کے بعد ایک منٹ کے اندر اندر اگلا اوور کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔
اگر فیلڈنگ ٹیم ایک منٹ کے اندر اگلے اوور کے لیے تیار نہیں ہوتی تو اسے امپائروں کی جانب سے دو بار وارننگ دی جائے گی، تاہم تیسری مرتبہ ایسا کرنے پر بیٹنگ ٹیم کو پانچ رنز بطور پینلٹی دے دیے جائیں گے۔
سلو اوور ریٹ کے حوالے سے کرکٹ میں پہلے سے دو پینلٹیز لاگو ہیں جس میں فیلڈنگ پینلٹی اور مالی جرمانے شامل ہیں۔
اگر فیلڈنگ ٹیم مقررہ وقت میں اننگز کا آخری اوور نہیں کروا پاتی تو اس کے جرم میں انہیں 30 یارڈ دائرے کے اندر ایک اضافی فیلڈر لانا ہوگا لہذا اس طرح دائرے سے باہر صرف چار فیلڈرز ہی فیلڈنگ کر پائیں گے۔
یہ قانون سنہ 2022 کے اوائل میں مینز اور ویمنز کرکٹ کے لمیٹڈ اوورز مقابلوں (یعنی ون ڈے اور ٹی20) پر نافذ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سلو اوور ریٹ کو قابو میں رکھنے کے لیے سٹاپ کلاک کا قانون یکم جون کو ٹی20 ورلڈ کپ کے شیڈول پہلے میچ سے نافذ ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: