Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھ ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز کے ہدف سے شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ گرین شرٹس پر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو پوائنٹس کی پینلٹی بھی لگائی گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم مقررہ وقت پر دو اوور پیچھے رہی جس کے بعد میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے ٹیم پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو پوائنٹس کی پینلٹی بھی لگائی۔
آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے قانون 22.2 کے مطابق مقررہ وقت کے بعد کروائے جانے والے ہر اوور پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ لگایا جاتا ہے۔
اسی طرح آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے آرٹیکل 16.11.2 کے مطابق مقررہ وقت کے بعد کروائے جانے والے ہر اوور پر ٹیم کو ایک پینلٹی پوائنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
خیال رہے پرتھ ٹیسٹ پاکستانی ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جس میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 450 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: