عرب برانڈ کی تشہیر، میسی روایتی سعودی لباس میں
میسی نے پچھلے برس فیملی کے ہمراہ درعیہ کے تاریخی مقام کا دورہ بھی کیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)
ارجنٹینا کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کھیل کے میدان کے بعد سعودی عرب کے لگژری کپڑوں کے برانڈ سیار کے سفیر کے طور پر بھی سامنے آئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق برانڈ کے انسٹاگرام پیج پر ایسی ویڈیو اور تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں انٹر میامی کے لیے کھیلنے والے لیونل میسی روایتی سعودی لباس میں دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے سفید تھوب کے ساتھ سر پر سرخ اور سفید رنگ کا شماغ اوڑھ رکھا ہے۔
ویڈیو میں میسی کیمرے کے لیے پوز بنا رہے ہیں اور سر پر لیے گئے شماغ کو ٹھیک کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ سٹار فٹ بالر کی جانب سے سعودی عرب سے متعلق کی جانے والی پہلی تشہری مہم نہیں ہے۔
جنوری میں سعودی ٹورزم اتھارٹی نے عالمی سطح پر ’سعودی، ویل کم ٹو عریبیہ‘ مہم چلائی تھی اور اس کے لیے بھی لیونل میسی ایمبیسڈر تھے۔
پچھلے سال مئی میں سعودی عرب کے دورے کے دوران لیونل میسی اپنے گھروالوں کے ہمراہ درعیہ میں موجود 300 برس پرانی الطریف سائٹ پر بھی گئے تھے۔ اس مقام کو یونیسکو تاریخی ورثہ قرار دے چکا ہے۔
انہوں نے درعیہ کے علاقے کی سیر بھی کی تھی اور البوجیری میں کھانے سے بھی لطف اندوز ہوئے تھے۔
میسی اور ان کے گھروالوں نے بعدازاں فیا ریاض اور بولیوارڈ ریاض سٹی کا دورہ بھی کیا۔
وہ عریبین ہارس میوزیم بھی گئے تھے اور خالص عربی نسل کے گھوڑوں بھی دیکھے۔ بعدازاں میسی نے ایک ایسی تصویر بھی بنوائی تھی جس میں انہوں نے اپنے بازو پر سفید رنگ کا باز بٹھایا ہوا تھا۔