انڈین جیولین تھرور نیرج چوپڑا کی پاکستانی حکومت سے ارشد ندیم کے لیے اپیل
منگل 19 مارچ 2024 14:33
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نیرج نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو ارشد ندیم کی مدد کرنی چاہیے (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ اولمپک چیمپئن اور انڈین جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کے لیے نیا جیولین میسر نہ ہونے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔
نیرج چوپڑا نے سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایک چیمپئن ایتھلیٹ کے لیے مناسب آلات تک رسائی کبھی بھی مسئلہ نہیں ہونی چاہیے اور ندیم کو بغیر کسی رکاوٹ کے بہترین سہولیات ملنی چاہییں۔‘
نیرج نے بتایا کہ ’یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ارشد ندیم کے پاس جیولین خریدنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ ارشد جس پائے کے ایتھلیٹ ہیں ان کے لیے یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
’یہ نہیں ہو سکتا کہ ندیم کے پاس جیولین خریدنے کے ذرائع نہ ہوں، وہ ایک چیمپئن ہیں اور برانڈز کیلئے اشہتارات بھی لازمی کرتے ہوں گے اور تھوڑے پیسے بھی ضرور کمائے ہوں گے۔‘
نیرج چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی حکومت ارشد ندیم کی ضروریات کو دیکھ سکتی ہے اور انہیں سپورٹ کر سکتی ہے جیسے انڈین حکومت مجھے سپورٹ کر رہی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ارشد ندیم ایک بہترین جیولین تھرور ہیں اور جیولین مینوفیکچررز سپانسرشپ کے ذریعے ضرور سپورٹس کا سامان مہیا کر سکتے ہیں۔‘
پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم نے کچھ روز قبل کہا تھا کہ ان کے پاس پیرس اولمپکس کی تیاری کے لیے انٹرنیشنل لیول کی جیولین میسر نہیں ہے۔
ندیم نے بتایا تھا کہ ان کا جیولن خراب ہوچکا ہے اور انہوں نے قومی فیڈریشن اور اپنے کوچ سے پیرس اولمپکس سے قبل اس مسئلے کو حل کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔