غیرقانونی طور پرسواریاں اٹھانے پر پانچ ہزار ریال جرمانہ
ٹیکسی کمپنیوں کو باقاعدہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے نجی کاروں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ ‘غیرقانونی طور پرسواریاں اٹھانے پر پانچ ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق اتھارٹی کا کہنا تھا ’ لوگوں کو محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹیکسی کمپنیاں موجود ہیں جن کا باقاعدہ پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔‘
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نجی کاروں کے مالکان کو ہدایت کی کہ’ وہ آن لائن ٹیکسی سروس کی متعلقہ کمپنیوں میں خود کو رجسٹرکرائیں تاکہ کمپنی کو ملنے والی مراعات اور فوائد سے مستفیض ہوسکیں۔‘
اتھارٹی نے وزارت داخلہ، ضیوف الرحمان کے خدمت پروگرام، مطارات کمپنی، ادارہ پراسیکیوشن اور سول ایوی ایشن کے تعاون سے محفوظ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مہم لانچ کی ہے جس کا عنوان ’غیرقانونی افراد کے ساتھ سوار نہ ہوں‘ رکھا گیا ہے۔‘
مہم کا مقصد غیرقانونی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا اورٹرانسپورٹ سروس سے منسلک افراد اور اداروں کو ضوابط کا پابند بنانا ہے۔
اتھارٹی نے لائسنس یافتہ ٹیکسی کمپینوں کو بھی ہدایت کی کہ ’وہ مقررہ ضوابط کی پابندی کریں اور مسافروں کو ہرممکن سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ٹیکسی سروس میں ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔‘
واضح رہے مملکت میں نجی کاروں کو ٹیکسی کے طورپر استعمال کرنا غیرقانونی عمل ہے۔ خاص طورپر ہوائی اڈوں سے مسافروں کو اٹھانے پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔