Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2024 کے ’خوش ترین‘ ممالک کی فہرست جاری، کون شامل کون باہر؟

اس بار امریکہ خوش ممالک کی فہرست کے ٹاپ 20 سے باہر ہو گیا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
2024 میں دنیا کے خوش ترین ممالک کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس میں فن لینڈ سات سال بعد بھی خوش ترین ملک کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے جبکہ حسب معمول شمالی یورپ اور شمالی اٹلانٹک کے ممالک بالائی نمبروں پر آئے ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق حالیہ رپورٹ میں پہلی بار مختلف عمر کے لحاظ سے گروپوں کی الگ الگ درجہ بندی شامل ہے جس کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں میں نوجوان اپنی زندگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں میں خوشی کی شرح تیزی سے کم ہوتی دیکھی گئی ہے اور وہ زیادہ عمر کے افراد کے مقابلے میں کم خوش ہیں۔
خوشی کی کم ہوتی شرح کے باعث پہلی بار امریکہ ٹاپ 20 ممالک کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے۔ 
فہرست میں امریکہ کے نیچے آنے کی ایک وجہ یہ بھی رہی کہ دوسرے ممالک جن میں زیادہ تر کا تعلق مشرقی یورپ سے ہے، کے رہائشیوں کو خوش ہونے کے زیادہ مواقع میسر آئے۔
رپورٹ کے مطابق فہرست اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ’یوم مسرت‘ کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ میں 140 سے زائد ممالک کے لوگوں کا ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔
اس میں 2021 سے 2023 تک کے تین برسوں کے دوران رہائشیوں کی اوسط عمر کے جائزے کی بنیاد پر خوشی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
رپورٹ گیلپ، آکسفورڈ ویل بیئنگ ریسرچ سینٹر، اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پائیدار ترقی اور ادارتی بورڈ نے مل کر بنائی ہے۔

فن لینڈ مسلسل سات برس سے پہلے نمبر پر چلا آ رہا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)

عالمی مسرت کی فہرست کے ایڈیٹر اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے پروفسیر جان ہیلی ویل کا کہنا ہے کہ سروے میں شرکت کرنے والے ہر فرد سے ان کے معیار زندگی سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس سے آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ فن لینڈ بہت سی خوبیوں سے مالامال ہے جیسے گلی میں گرے بٹوے واپس کر دیے جاتے ہیں۔ لوگ ہر وقت ایک دوسرے کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں، وہاں اعلٰی معیار کے صحت اور تعلیم کے مواقع دسیتاب ہیں اور ان سے گزرنے والا ہر شخص کم و بیش ایک جیسا ہی ہے۔‘
ان کے مطابق ’فن لینڈ میں جانے والے بھی زیادہ خوش دکھائی دیتے ہیں یعنی یہ وہی چیز ہے جسے وہاں کے رہائشی نئے آنے والوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔‘
خوشی کی عالمی فہرست میں فن لینڈ کے بعد ڈنمارک دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب آئس لینڈ، سویڈن، اسرائیل، نیدرلینڈز، ناروے، لکسمبرگ، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کوسٹا رکا، کویت، آسٹریا، کینیڈا، بیلجیئم، آئرلینڈ، چیک ریپبلک، لتھوانیا اور برطانیہ کے نام آتے ہیں۔

شیئر: