نومولود بچے کی قانونی حیثیت ثابت کرنے کے لیے ہراساں کیا جا رہا ہے: والد سدھو موسے والا
بدھ 20 مارچ 2024 15:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بلکور سنگھ نے پنجاب کے وزیراعلٰی سے اپیل کی کہ انہیں علاج کرانے کے لیے وقت دیا جائے (فائل فوٹو: اے این آئی)
قاتلانہ حملے میں مارے جانے والے انڈین پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ حکومت انہیں نومولود بیٹے کی پیدائش کے بعد قانونی معاملات پر ہراساں کر رہی ہے۔
بلکور سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنے فالوورز کے لیے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کاغذات فراہم کرنے کے لیے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے انڈین پنجاب کے وزیراعلٰی بھگونت مان سے اپیل کی کہ انہیں علاج کرانے کے لیے وقت دیا جائے جس کے بعد وہ اپنے بچے کے بارے میں تمام دستاویزات فراہم کریں گے۔
’آپ سب کے آشیرباد کی وجہ سے شوبھدیپ ہمیں دوبارہ واپس مل گیا ہے، تاہم میں اداس ہوں، ضلعی انتظامیہ صبح سے مجھے ہراساں کر رہی ہے کہ میں اس بچے کے کاغذات فراہم کروں۔ مجھ سے یہ ثابت کرنے کے لیے ہر طرح کے سوالات پوچھے جا رہے ہیں آیا کہ یہ بچہ جائز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں حکومت بالخصوص وزیراعلٰی سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ میری اہلیہ کا علاج ختم ہونے دیا جائے۔ میں یہاں ہی رہتا ہوں اور یہیں رہوں گا۔ آپ مجھے جہاں بلائیں گے تو میں آ جاؤں گا۔‘
وزیراعلیٰ کے نام ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں آپ کو سخت الفاظ میں بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کو یو ٹرن لینے کی عادت ہے، میں یو ٹرن لینے والوں میں سے نہیں ہوں۔ آپ کے مشیر آپ کو ایسا مشورہ دیتے ہیں کہ اس فیصلے سے پیچھے ہٹنا مشکل ہو جاتا ہے۔ جہاں تک ملک کے قانون کا تعلق ہے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا (سدھو موسے والا) قانون کا احترام کرتے ہوئے 28 سال تک زندہ رہا۔
’میں ایک سابق فوجی ہونے کے ناتے، قانون کا بھی احترام کرتا ہوں۔ میں نے کسی موقع پر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ اگر آپ کو مجھ پر اعتماد نہیں تو ایف آئی آر درج کر کے مجھے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیں۔‘
انڈین ایکسپریس کے مطابق مانسا کے ڈپٹی کمشنر پرم ویر سنگھ نے بلکور سنگھ کے نے ان الزامات کی تردید کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ’میں دیکھ رہا ہوں کہ یہ بات کسی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبنی ہے۔‘
’جہاں تک ہمارا تعلق ہے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کسی کو ہدایت نہیں دی گئی کہ وہ بلکور سنگھ کے ہاں نوزائیدہ بچے کی پیدائش کے بارے میں کوئی تحقیق کرے۔‘
سدھو موسے والا کے نام سے مشہور شبھ دیپ سنگھ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے، انہیں اکتوبر 2022 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ حال ہی میں ان کے والدین بلکور سنگھ اور چرن کور کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کو انہوں نے شبھ دیپ کا ہی نام دیا ہے۔
اس سے قبل خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ چرن کور ’آئی وی ایف‘ ٹریٹمنٹ کے ذریعے حاملہ ہوئی ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کی یونین ہیلتھ منسٹری کے مطابق ’انڈیا میں آئی وی ایف ٹریٹمنٹ کی عمر 21 سے 50 سال تک ہے۔ ہیلتھ منسٹری نے پنجاب حکومت سے سدھو موسے والا کی والدہ کی آئی وی ایف ٹریٹمنٹ پر رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔‘