عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
عالمی بینک نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی بڑھانے کے منصوبے پر 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خرچ ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ رقم دو نئے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
عالمی بینک نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی بڑھانے کے منصوبے پر 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خرچ ہوں گے۔
پاکستان کے لیے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہسین کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنا معاشی اور سماجی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ڈیجیٹل اکانومی رابطوں کو وسعت دیتی ہے اور شہریوں اور اس سے کاروباری افراد بالخصوص خواتین کے لیے سرکاری اور مالیاتی خدمات تک رسائی ہوتی ہے۔‘
ناجی بین ہسین نے کہا کہ ’2022 میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے ایسی آفات کو روکنے کی اہمیت اجاگر کی۔ اس فنڈ کے ذریعے بیراجوں کو مضبوط بنانا اور ان کا انتظام کرنا شامل ہے۔‘
’سندھ میں بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کے لیے 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ سندھ کے تین بیراجوں کی بہتری سے سیلاب سے بچاؤ اور تحفظ حاصل ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 2022 میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب نے انفراسٹرکچر متاثر کیا۔ بیراجوں کی حفاظت اور مضبوطی کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔