Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں ممنوعہ مچھلی درآمد کرنے پر فوڈ اتھارٹی کی کارروائی

مچھلی کا مجموعی وزن 26 ہزار کلو گرام تھا۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے بیرون مملکت سے درآمد کی جانے والی مچھلی کی شپمنٹ ضبط کرلی ۔ درآمد کی جانے والی مچھلی کی فروخت مملکت میں ممنوع ہے جسے کسٹم کاغذات میں عام مچھلی ظاہر کیا گیا تھا۔
العربیہ نیوز کے مطابق دمام پورٹ پر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی ٹیم نے بیرون مملکت سے آنے والی ایک شپمنٹ کا جائزہ لیا جس کا مجموعی وزن 26 ہزار کلو گرام تھا۔
درآمد کی جانے والی مچھلی کو کسٹم کاغذات میں مملکت میں عام فروخت ہونے والی مچھلی ظاہر کیا گیا تھا۔ اتھارٹی کی ٹیم نے شپمنٹ کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ کنٹینر میں موجود مچھلی عام نہیں بلکہ وہ ہے جس کی فروخت مملکت میں منع ہے۔
اتھارٹی کی ٹیم نے قانون کی شق نمبر 2/8 کے تحت درآمد کرنے والے تاجر کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ جعل سازی اور اتھارٹی کو گمراہ کرنے کے لیے غلط دستاویزات پیش کی گئیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون کی رو سے جعل سازی اور ممنوعہ اشیاء درآمد کرنے پر 25 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔ درآمد کنندہ کے خلاف درج کیا جانے والا مقدمہ متعلقہ ادارے کو ارسال کردیا گیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: