چین میں عربی زبان سیکھانے کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان
چین میں عربی زبان سیکھانے کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان
جمعرات 28 مارچ 2024 21:14
پروگرام کے لیے ’ایک ماہ چین میں عربی زبان‘ کا عنوان تجویز کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت و شاہ سلمان انٹرنیشنل اکیڈمی برائے عربی زبان کے چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے چین میں عربی زبان سیکھانے کے لیے خصوصی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ بدر بن عبداللہ ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی امور میں دوطرفہ تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔
عربی شارٹ پروگرام ایک ماہ پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 28 مارچ 2024 سے ہوگا۔
عربی لینگویج پروگرام 26 اپریل تک جاری رہے گا۔ یہ پروگرام چین کے دو شہر بیجنگ اور شنگھائی میں شروع کیا جارہا ہے۔
عربی پروگرام کا مقصد عوامی سطح پر دونوں ممالک کو مزید قریب لانا اور ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت سے واقف ہونا ہے۔
اس حوالے سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی وفود اور تفریحی پروگراموں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
دریں اثنا شاہ سلمان اکیڈمی برائے عربی زبان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ الوشمی نے بتایا کہ اکیڈمی کے تحت عربی زبان کے فروغ کے لیے مقامی اور عالمی سطح پر مختلف نوعیت کے پروگرام متعارف کرائے جارہے ہیں۔‘
’ غیرعرب ممالک میں عربی زبان کے اساتذہ کی صلاحیت کو بڑھانے کےلیے بھی مفید کورسز کرائے جائیں گے۔‘
بیجنگ یونیورسٹی کے شعبے ثقافت و زبان اور شاہ سلمان اکیڈمی کے تعاون سے مختلف کورسز مرتب کیے گئے ہیں جن میں فن خطابت ، قصہ گئی اور عربی رسم الخط شامل ہے۔
چین میں شروع کیا جانے والا عربی زبان کے پروگرام کے تحت 3 ہفتے بجینگ میں جبکہ ایک ہفتے کا پروگرام شنگھائی میں کرایا جائے گا جس میں عربی زبان کے اساتذہ کے لیے بھی خصوصی کورسز رکھے گئے ہیں۔
پروگرام کے لیے ’ایک ماہ چین میں عربی زبان‘ کا عنوان تجویز کیا گیا ہے۔
قبل ازیں ایسے پروگرام انڈیا، ازبکستان اور انڈونشیا میں بھی منعقد کیے جاچکے ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر ثقافت نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں العلا کے حوالے سے ’ العلا : جزیرہ العرب میں عجائبات کا نخلستان ‘ کے عنوان سے نمائش کا دورہ کیا۔
نمائش کا انعقاد العلا رائل کمیشن اور فرانسیسی ایجنسی برائے العلا ترقی کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر کونمائش میں العلا کمشنری کے تاریخی پہلووں اور فن پاروں کے بارے میں بتایا گیا جو العلا کی قدیم تہذیب کی کہانی بیان کرتی ہیں۔
العلا کے قدیم مکانات جو چٹانوں میں تعمیر کیے گئے تھے ان پر بنائی گئی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔
واضح رہے العلا کے حوالے سے پہلی نمائش سال 2019 میں فرانس میں منعقد کی گئی تھی۔