Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر میں فوج کے بم ڈسپوزل سکواڈ پر حملہ، دو اہلکار جان سے گئے

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح گوادر سے تقریباً 30 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے آنکاڑہ ڈیم کے قریب پیش آیا- (فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فوج  کے بم ڈسپوزل ٹیم پر حملہ کرکے دو اہلکاروں کو قتل اور چار کو زخمی کردیا۔
حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح گوادر سے تقریباً 30 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے آنکاڑہ ڈیم کے قریب پیش آیا-
پاکستانی فوج کے 32 پنجاپ رجمنٹ کی بی ڈی ایس ٹیم چیک پوسٹوں کے درمیان راستے کو کلیئر کررہی تھی جب ان پر قریبی پہاڑوں میں گھات لگائے نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
ڈپٹی کمشنر گوادر میجر ریٹائرڈ اورنگزیب بادینی نے حملے میں دو اہلکاروں کی موت کی تصدیق کی جن کی شناخت سپاہی ظہور اور سپاہی الطاف کے نام سے ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ چار اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
 واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
یہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران گوادر میں دوسرا حملہ ہے۔ اس سے پہلے 20 مارچ کو شہر کے وسطی علاقے گوادر پورٹ اتھارٹی کے رہائشی کمپلیکس میں قائم حساس اداروں کے دفاتر پر حملے میں دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
جوابی کارروائی میں آٹھ حملہ آور مارے گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

شیئر: