Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کا پاکستانی حکام سے بشام حملے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔
منگل کو خیبر پختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے قریب دھماکے میں پانچ چینی شہریوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح کی اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی۔‘
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔‘ چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِاعظم نے واقعے سے متعلق چینی صدر اور چینی وزیرِاعظم کے لیے تعزیتی پیغام بھی بھیجا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔‘
ترجمان آئی ایس پی آر نے’دہشت گردی‘ کے حالیہ واقعات کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان کا مقصد ملک کی داخلی سلامتی کو غیر مستحکم بنانا ہے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’بشام واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دیں گے‘ (فوٹو: پی ایم آفس)

منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان اور اس کے سٹریٹجک اتحادیوں اور شراکت داروں، خاص طور پر چین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی شعوری کوشش کے طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘
’پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کی حیثیت سے مقابلہ کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی غیر متزلزل حمایت سے دہشت گردی میں ملوث افراد کو جواب دہ ٹھہرائیں گے۔‘
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ ‘اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گرد منطقی انجام تک پہنچیں، ہم مل کر مصیبت اور برائی پر قابو پا لیں گے۔‘
’بعض غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’بعض غیرملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اس کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاکستان اور چین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی شعوری کوشش کی جا رہی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ’اپنی قوم اور اتحادی چین کے ساتھ مل کر دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کی بالواسطہ یا بلاواسطہ معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بے گناہی کا سراغ لگانے کے باوجود یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔‘
چین کا دہشت گردی کے واقعے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ
چین نے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے شہر بشام کے قریب خودکش حملے میں چینی انجینیئرز کی ہلاکت کے بعد واقعے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’سفارت خانہ اور قونصل خانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد حملے میں دونوں ملکوں کے متاثرین سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔‘
چین کے سفارت خانے کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ’پاکستانی حکام  حملے کی مکمل تحقیقات کریں۔‘
ترجمان نے اس حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’پاکستان میں چینی شہری اور کمپنیاں مقامی سکیورٹی کی صورت حال پر گہری نظر رکھیں۔‘

شیئر: