Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں حراست کے دوران زہر دیا گیا: بیرسٹر گوہر

گوہر خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے کی انکوائری کروائی جائے (فوٹو: اے ایف پی)
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ بنی گالہ میں زیر حراست سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا۔
منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے کی انکوائری کروائی جائے۔
 منگل ہی کو اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کے دوران عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بن گالا میں حراست کے دوران زہر دیا گیا۔
عمران خان نے یہ بات احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ’بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے، بشری بی بی کی جلد اور زبان پر نشانات ہیں۔ ان کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں شک ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے، مجھے پتہ ہے اس کے پیچھے کون ہے۔‘
انہوں ے کہا کہ ’بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹرعاصم یونس سے کروانے کا حکم دیا جائے۔ بشری بی بی کا معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے پر انکوائری بھی کروائی جائے۔ عدالت نے عمران خان کو بشری بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کی۔‘

شیئر: