رمضان کی سجاوٹ میں برقی قمقمے اور آرائشی لالٹین کی اہمیت
رمضان کی سجاوٹ میں برقی قمقمے اور آرائشی لالٹین کی اہمیت
منگل 2 اپریل 2024 20:09
گھروں میں نیلی، سفید اور سنہری لالٹینیں یا منفرد روشنیاں رکھنے کا رواج عام ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ماہ صیام کے دوران مملکت بھر میں اکثر گھرانے مخصوص قسم کی سجاوٹ کے لیے روایتی لالٹین کا استعمال کرتے ہیں جو مقدس مہینے میں روحانی ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کے رہائشی رمضان اور عید کی سجاوٹ کے لیے مقامی دکانوں الھدایہ سینٹر، ابیات یا بلاش، البشوات، براوو اور ڈے این ڈے سٹورز میں مخصوص اشیاء تلاش کرتے ہیں۔
رمضان کے حوالے سے جدہ میں قائم یہ بڑے سٹورز برقی قمقمے، آرائشی لائٹس، روایتی لالٹین اور منفرد دسترخوان کی متعدد اقسام پیش کر رہے ہیں۔
الھدایا سینٹر کے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے سینئر ذمہ دار سفیان رایا نے بتایا ہے کہ سٹور کی 30 فیصد انوینٹری رمضان کی سجاوٹ کے سامان کے لیے وقف ہے اور 35 فیصد سٹاک رمضان سے متعلقہ برتنوں پر مشتمل ہے۔
الھدایا سنٹر میں انڈیا سے درآمد شدہ لکڑی کی پینٹ شدہ لالٹینیں بہت زیادہ مقبول ہوئی ہیں جب کہ تانبے سے تیار کی جانے والی لالٹینین مصر سے منگوائی گئی ہیں، ایسے ماڈلز کی بہت زیادہ مانگ رہی ہے۔
سفیان رایا نے بتایا کہ موسم رمضان کی تیاری کے لیے ہم نے انڈیا، چین اور مصر سے مختلف نوعیت کے سامان کے 66 کنٹینرز منگوائے ہیں۔
کیٹرنگ اینڈ ایونٹ پلاننگ فرم سسٹرز اینڈ کمپنی کی شریک بانی دیما نابلسی نے بتایا ہے کہ پورا سال ایک جیسا ہوتا ہے لیکن رمضان میں ایسی چیزیں پیش کی جاتی ہیں جو کبھی نہیں بدلتیں۔رمضان کے خاص اجتماعات اور محبتوں کی بات الگ ہی ہے۔
ماہ رمضان کی سجاوٹ کے لیے یقینی طور پر سادگی پسند ہے، یہ مہینے اپنے ساتھ امن اور سکون کا پیغام لاتا ہے۔
میری ذاتی رائے میں جب رمضان کی بات آتی ہے تو اس موسم کے رنگ نیلے، سفید اور سنہری زیادہ نظر آتے ہیں، چھوٹی لالٹینیں یا منفرد روشنیاں رکھنے کا رواج عام ہے اور چاند کا ماڈل جو مقدس مہینے کی عکاسی کرتا ہے۔
جدہ کی رہائشی خاتون نیما صبیحہ نے بتایا ہے کہ رمضان کے لیے گھر کی سجاوٹ پر پوری توجہ دی جاتی ہے ، ہر کمرے کو خاص آرائش سے آراستہ کیا جاتا ہے۔
مرکزی کمرے کو روایتی انداز کی روشنیوں اور ماڈلز سے سجایا جاتا ہے جب کہ کھانے کے کمرے میں سنہری رنگوں سے مزین روایتی اشکال کے منفرد برتنوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔
نیما صبیحہ نے بتایا کہ اس سجاوٹ کے عمل میں اپنے بچوں کی شرکت یقینی بناتی ہیں جس سے انہیں بے انتہا خوشی ہوتی ہےجو بچوں کی آنکھوں سے جھلک رہی ہوتی ہے۔
رمضان المبارک کے لیے باورچی خانے اور کھانے کے برتنوں کی بھی خاص ترتیب کی ہے، خاص طور پر نئے برتنوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
گھر میں نماز کی جگہ کے قریب بخور کی خوشبو اور قرآن پاک کے ساتھ تسبیح رکھی گئی ہے جو مقدس مہینے کی عبادت کا پیغام دیتی ہے ، اس پیغام سے بچوں میں رمضان کی محبت ابھرتی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں