’ہمارے مہمان‘ افطار پارٹی میں غیرملکی اور ان کے اہل خانہ مدعو
ٹیچرز کلب میں مختلف انڈرو تفریح کا اہتمام بھی تھا۔( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کی بیشہ کمشنری کے ریجنل ادارہ تعلیم کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے حوالے سے افطارمہم ’ہمارے مہمان‘ کے عنوان سے شروع کی ہے۔
مہم کے تحت ریجن میں رہنے والے مختلف ممالک کے شہریوں کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ مدعو کیا گیا۔
سبق نیوز نے اس حوالے سے منفرد افطار پارٹی کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل ادارہ تعلیم کی جانب سے متعارف کی جانے والی مہم ’ہمارے مہمان‘ کے انتظامات ٹیچرز کلب میں کیے گئے تھے جہاں مختلف انڈرو تفریح کا سامان بھی موجود تھا۔
کمیونٹی افطار ڈنر میں ریجنل ڈائریکٹر ایجوکیشن سفر بن محمد بریدی اور معاون ڈائریکٹر ایجوکیشنل آفیئرز ناصر محمد آل جافل نے بھی شرکت کی۔
آل جافل نے بتایا مہم کے تحت مختلف مقامات پر اس نوعیت کی سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں جن کا مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والوں کا تعارف اور ثقافتوں کا تبادلہ ہے۔
واضح رہے مہمانوں میں پاکستانی، بنگلہ دیشی، انڈونیشی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ موجود تھے جنہوں نے افطار سے قبل مختلف کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔