Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان ڈپلومیٹک ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط

سعودی نائب وزیرخارجہ اور لارڈ طارق نے وڈیو کال کے ذریعے دستخط کیے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے منگل کو برطانوی وزارت خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی دفتر کے ساتھ ڈپلومیٹک ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس معاہدے پر سعودی نائب وزیرخارجہ ولید الخریجی اور برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطی، شمالی افریقہ، جنوبی ایشیا، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ لارڈ طارق نے وڈیو کال کے ذریعے ہونے والی ملاقات میں دستخط کیے۔
سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ معاہدے میں شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک سٹیڈیز اور برطانیہ اور شمالی آئر لینڈ کے ایف سی ڈی او کے درمیان تعاون کا پروگرام شامل ہے۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے کہا کہ اس پروگرام سے معلومات، تحقیقی سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں کے شعبے میں تعاون قائم کرنے اور مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
برطانوی وزارت خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی دفتر نے کہا کہ ’فریقین نے اس موقع پر غزہ اور سوڈان میں تنازعات کے ساتھ ترقی کے شعبے میں سعودی عرب اور برطانیہ کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا‘۔
لارڈ طارق احمد نے کہا کہ ’سعودی نائب وزیر خارجہ کے ساتھ ڈپلومیٹس ٹریننگ ایگریمنٹ پر دستخط کرنے پر خوشی ہے‘۔
انہوں نے ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں کہا ’ہم نے غزہ میں لڑائی کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں دو ریاستی حل، سوڈان میں تنازعات کے حل کے ساتھ ترقیاتی تعاون لیے اقدامات شامل ہیں‘۔

شیئر: