’کولڈ ٹرکی‘ ایک ایسا طریقہ کار ہے جس کے تحت یک دم تمباکو نوشی چھوڑ دی جاتی ہے (فوٹو: پکسابے)
سگریٹ یا اور کوئی منفی عادت یا چلیں نشہ کہہ لیں، چھوڑنے والے کے پاس اپنی ہی کہانی ہوتی ہے۔ کوئی اسے مشکل بتاتا ہے، کوئی کہتا ہے بس چُٹکی بجاتے ہی چھوڑ دیا، کوئی حالت خراب ہونے کا رونا روتا ہے تو کوئی ایسا چٹکلہ بھی سنا دیتا ہے کہ ’سگریٹ چھوڑنا کوئی مشکل کام نہیں، آپ سے ایک بار نہیں چھوڑے جا رہے، میں نے تو کئی بار چھوڑے ہیں۔‘
لیکن سوال یہ ہے کہ شمالی امریکہ میں پائے جانے والے اس بڑے مرغے، جسے ’ٹرکی‘ کہا جاتا ہے، کا سگریٹ چھوڑنے سے کیا لینا دینا۔ وہ بے چارہ تو شاید چونچ میں سگریٹ پکڑ بھی نہ سکے کیونکہ اس کے اوپر بھی جِھلی نما کوئی چیز لٹک رہی ہوتی ہے۔
اگرچہ یہ بات کافی مضحکہ خیز لگتی ہے اور آج تک کسی نے ٹرکی کو سگریٹ پیتے ہوئے دیکھا ہے اور نہ ہی کسی نے دھوئیں کی وجہ سے اس کے پھیپھڑے خراب ہونے کی شکایت کی ہے، تاہم پھر بھی اس کے پیچھے کی کہانی کافی دلچسپ ہے۔
ویب سائٹ ٹری ہگر کے مطابق سب سے پہلے یہ اصطلاح ڈاکٹر کارلیٹن سمن نے مریضوں کو چیک کرتے ہوئے استعمال کی تھی۔
اسی طرح ایک خیال یہ بھی ہے یہ اصطلاح 1920 میں ایک اخباری کارٹون میں استعمال کی گئی تھی جس میں ایسے ٹرکی کو دکھایا گیا تھا جس کے پر کھڑے تھے اور ناک سے پانی بہہ رہا تھا۔
اس کے نشہ آور چیز یا سگریٹ چھوڑنے سے جڑنے کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ اس کوشش میں اکثر چھوڑنے والے کی حالت ایسی ہی ہو جایا کرتی ہے۔
طلب ہونے پر اس کو کبھی سردی لگتی ہے، کبھی رونگٹے کھڑے ہوتے محسوس ہوتے ہیں، تاہم بہت سے ماہرین اس کو درست عکاسی قرار نہیں دیتے۔
اسی طرح کچھ لوگ اس کو ’ٹاکنگ ٹرکی‘ کے محاورے سے جوڑتے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر صاف اور براہ راست بات کرنا اور مرکزی نکتے پر سیدھے پہنچ جانا۔ اس مناسب سے یہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے ارادے کے قریب تر لگتی ہے کیونکہ اس میں بھی یکدم ہی قدم اٹھایا جاتا ہے۔
کولڈ ٹرکی میتھڈ یا طریقہ کار کیا ہے؟
صحت کے حوالے سے کام کرنے والی ویب سائٹ ’آئی کین کوئیٹ‘ کے مطابق ویسے تو یہ اصطلاح کسی بھی نشے کی عادت کو یک دم چھوڑنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے تاہم تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے اس کا استعمال سب سے زیادہ ہے۔
یعنی کہا جا سکتا ہے اس میں سب سے زیادہ عمل دخل ارادے کا ہوتا ہے اور اس کے لیے کوئی متبادل چیز یا دوا وغیرہ نہیں لی جاتی۔
جب لوگ کولڈ ٹرکی کے ذریعے تمباکو نوشی چھوڑتے ہیں تو اس کے لیے کچھ منصوبہ بندی کرتے ہیں تاہم نیچے کچھ ایسے نکات بتائے جا رہے ہیں کہ اگر ان کو بھی شامل کر لیا جائے تو مزید بہتری ہو سکتی ہے۔
تاریخ طے کریں
ماہرین کہتے ہیں کہ تاریخ طے کر لیں کہ اس کے بعد خیرباد، تاہم بعض ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر آپ طے کریں گے کہ فلاں تاریخ سے سلسلہ چھوڑ دیا جائے گا تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ابھی سے اس کو نہیں چھوڑ رہے، جس سے وہ تاریخ آنے پر بھی مسائل ہو سکتے ہیں۔
بہرحال تاریخ طے کی جائے یا فوری طور پر چھوڑ دی جائے، سارا دارومدار ارادے پر رکھا جائے اور اس کے لیے کوئی متبادل یا دوا نہ لی جائے۔
بعض ماہرین بتدریج کم کرنے، کوئی متبادل یا دوا لینے پر بھی زور دیتے ہیں تاہم کولڈ ٹرکی طریقے میں اس کی گنجائش نہیں۔
اگر ایسا کر لیا جاتا ہے تو پھر وہ کوئی اور میتھڈ بن جائے گا۔
منصوبہ بندی کریں
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویسی صورت حال سے بچنے کی کوشش کریں جن کے دوران آپ پہلے کش لگایا کرتے تھے، نئی سرگرمیوں کے ساتھ جڑیں تاکہ آپ کا دھیان پرانی عادات کی طرف نہ جائے۔
کوشش کریں کہ اپنے خاندان والوں اور دوستوں کو بتائیں کہ آپ تمباکو نوشی چھوڑ چکے ہیں اور ان کی جانب سے حوصلہ افزائی عادت سے نکلنے میں مدد دیتی ہے۔
روزنہ جو پیسے سگریٹ پر خرچ کرتے تھے وہ روزانہ کی بنیاد پر ہی ایک طرف رکھتے جائیں کیونکہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب آپ اس رقم سے اپنے لیے کوئی اچھی چیز بطور ریوارڈ خرید سکیں۔
طلب ہونے پر صرف وِل پاور سے کام لیں۔
کیا یہ تمباکو نوشی چھوڑنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے؟
اگرچہ ’کولڈ ٹرکی‘ ایک مشہور طریقہ کار ہے اور اس کی وجہ سے بے شمار لوگ سگریٹ چھوڑ چکے ہیں تاہم دوسرے طریقہ ہائے کار کے مقابلے میں اس کے کامیابی کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
اس میں کامیابی کے لیے مضبوط ارادے کے ساتھ کچھ خوشگوار خیالات اور آنے والے دنوں کی خوشنما تصویر کو بھی ملانا ضروری ہے۔
کولڈ ٹرکی پر جانے سے قبل کی تیاری
اس کے لیے آپ کو تین قسم کی ذہنی حکمت عملی بنانا ہو گی جس سے آپ کی طلب میں کمی آئے گی۔
یہ سوچیں کہ آپ کا ارادہ کسی ٹھوس چیز کی ماندد آپ کو دکھائی دے رہا ہے جس پر کوئی چیز اثر نہیں کر رہی بلکہ آپ جس حد تک تمباکو سے دور ہیں وہ چیز مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔
اگر ارداہ ڈگمگا جائے تو ۔۔۔
اگر آپ کو محسوس ہو سکے کہ ارادہ کمزور پڑنے لگا ہے تو خود کو وہ تمام وجوہات یاد کروائیں کہ آپ سگریٹ کیوں چھوڑنا چاہتے تھے اور اس بات پر خود کو تسلی دیں کہ آپ کافی فاصلہ طے کر چکے ہیں۔
اسی طرح اپنے ارادے کو مزید مضوط بنانے ایسی چیزوں یا مقامات پر جانے سے گریز کریں جن سے تمباکو نوشی کی طلب بڑھنے کا امکان ہو۔
اس پیریڈ کے دوران کسی اور طریقہ کار کے بارے میں سوچنا بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس طریقہ کار کی وجہ سے آپ اسے اپنائیں گے اور اس کے بعد اسے چھوڑنے کے لیے کوئی اور طریقہ کار ذہن میں آ جائے گا۔
خود کو یقین دلائیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ارادہ مزید ہو رہا ہے جس سے آپ کی طلب کے قابو میں آنے میں مدد ملے گی۔