Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاہدے کی ’خلاف ورزی‘، اماراتی بورڈ نے عثمان خان پر پانچ سال کی پابندی لگا دی

عثمان خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے ملٹری اکیڈمی کاکول میں جاری ٹریننگ کیمپ کا حصہ بھی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خان کی اپنے تمام ایونٹس میں شرکت پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق عثمان خان نے بورڈ سے کیے گئے معاہدے کی خلاف وزری کی ہے۔
بیان کے مطابق ’تفصیلی تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عثمان خان نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لیے کھیلنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں ای سی بی کے سامنے غلط بیانی کی۔‘
’عثمان خان نے ای سی بی کی جانب سے فراہم کیے گئے مواقع اور ڈویلپمنٹ کو دیگر امکانات تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا جس سے یہ ظاہر ہوا کہ وہ ای سی بی کے لیے مزید نہیں کھیلنا چاہتے تھے۔‘
اماراتی بورڈ نے کہا کہ ای سی بی کے لیے کھیلینے کی اہلیت کے لیے معاہدے کے مطابق ان کی جو ذمہ داریاں تھیں، وہ عثمان خان نے پوری نہیں کیں۔
عثمان خان نے رواں برس کے آغاز میں ای سی بی سے منظور شدہ انٹرنیشنل لیگ ٹی20 سیزن 2 میں متحدہ عرب امارات کی کیٹیگری میں بطور مقامی کھلاڑی حصہ لیا تھا۔‘
’ای سی بی نے عثمان خان کے ساتھ ایک سال کی مدت کے لیے معاہدہ بھی کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں یو اے ای کی نمائندگی کرنا تھی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’عثمان خان نے ای سی بی کے ساتھ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اس وجہ سے انہیں ای سی بی سے منظور شدہ ٹورنامنٹس/لیگز کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں کونسلز/اکیڈمیوں کے زیراہتمام ایوننٹس میں پانچ سال تک شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
پاکستانی نژاد اماراتی کرکٹر عثمان خان نے رواں برس پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن میں ملتان سلطانز کا حصہ تھے۔
اس کے علاوہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ملٹری اکیڈمی کاکول میں جاری ٹریننگ کیمپ کا حصہ بھی ہیں۔

شیئر: