Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نژاد اماراتی کرکٹر عثمان خان قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کا حصہ

عثمان خان نے پی ایس ایل نو میں ملتان سلطانز کی طرف سے شرکت کی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی نژاد اماراتی کرکٹرعثمان خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا حصہ بن گئے ہیں۔
ویب سائٹ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق اس تربیتی کیمپ کا آغاز منگل سے پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں واقع یاکستان ملٹری اکیڈمی(پی ایم اے) کاکول میں ہو رہا ہے۔
عثمان خان کا تربیتی کیمپ کا حصہ بننا دراصل پاکستان کی طرف سے کرکٹر کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش کا واضح اظہار ہے۔
عثمان خان ان 28 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو 26 مارچ سے آٹھ اپریل تک کاکول میں ٹریننگ کریں گے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اب تک عثمان خان کے پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے یا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایسی کسی تبدیلی کے متعلق کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔
گزشتہ ماہ عثمان خان نے پاکستان سپر لیگ سیزن نو میں اوورسیز کھلاڑی کے طور پر شرکت کی تھی اور وہ ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بیٹر رہے۔
عثمان خان اس سے قبل یو اے ای کے مقامی ٹورنامنٹس آئی ایل ٹی20 اور ٹی 10 لیگ میں مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیل چکے ہیں۔
عثمان خان کے متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کے لیے اہل ہونے میں 14 ماہ باقی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل کھیلوں کی خبروں کی ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کو دیے گئے اک انٹرویو میں عثمان خان نے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے بجائے اماراتی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
ٹیم تبدیل نہ کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے عثمان خان نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی غیریقینی صورت حال کے علاوہ اماراتی کرکٹ بورڈ سے این او سی (عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ) کے حصول کی جانب بھی اشارہ کیا تھا۔
عثمان خان اب بھی بغیر کسی انتظار کے پاکستانی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے جس تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، عثمان خان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی تیم کا حصہ ہونا بعید نہیں۔

شیئر: