پی سی بی کی قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض نے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم لوگوں نے لڑکوں سے بات کی ہے کہ ہم نے یہ سیریز کیسے کھیلنی ہے۔ ورلڈ کپ ہمارا ہدف ہے۔ اس پوری سیریز میں آپ لوگ روٹیشن پالیسی دیکھیں گے۔‘
وہاب ریاض مزید کہتے ہیں کہ ’ہم لوگوں نے پلیئرز سے یہ بات کی ہے کہ جو لڑکے اس سیریز کے لیے سلیکٹ نہیں ہوئے، وہ پھر بھی وائٹ بال کرکٹ کا حصہ ہوں گے۔ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بہترین ٹیم تشکیل دی ہے۔‘
نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان خان نیازی، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں۔
اس سیریز کے لیے پانچ ریزرو کھلاڑیوں کو بھی سلیکٹ کیا گیا ہے جن میں حسیب اللہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، صاحبزاہ فرحان اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
وہاب ریاض نے مزید کہا کہ ’عامر اور عماد نے اپنے آپ کو اس سیریز کے لیے دستیاب کیا تھا۔‘
حارث رؤف کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اس سیریز کا حصہ نہیں ہیں تاہم ان کے بارے میں ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز تک فٹ ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ وہاب ریاض نے مزید انکشاف کیا کہ محمد نواز کو ناقص فارم کے باعث ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 18 اپریل سے کھیلی جائے گی۔
سیریز کے پہلے تین میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری دو میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔
یہ سیریز رواں برس جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد گرین شرٹس کا اگلا امتحان آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز ہوگی۔
آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔