نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری، پہلا میچ 18 اپریل کو راولپنڈی میں
بدھ 13 مارچ 2024 9:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 17 ماہ کے عرصے میں تیسری بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے پاکستان دورے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ پانچ ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
بلیک کیپس 14 اپریل کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم میں تین ٹی 20 میچ کھیلیں گے۔ اس کے بعد، 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی 20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹی 20 سیریز کے پانچوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 17 ماہ کے عرصے میں تیسری بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
اس سے قبل، انہوں نے دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا- اسی سال اپریل میں انہوں نے 10 وائٹ بال میچز کے لیے لاہور، راولپنڈی اور کراچی کا دورہ کیا تھا۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی ہے اور ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ہمارے کرکٹ شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیرمقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔‘
نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچنے کے بعد 16 اور 17 اپریل کو پریکٹس کرے گی جس کے بعد باقاعدہ میچز کا آغاز ہوگا۔